علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور جاپانی تنظیم جائیکا کی مشترکہ کاوشوں سے پسماندہ ضلع تورغر کی ساڑھے پانچ سو سے زائد طالبات نے مڈل تک تعلیم مکمل کر لی

11

ایبٹ آباد ، 02 ستمبر (اے پی پی ): علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور جاپانی تنظیم جائیکا کی مشترکہ کاوشوں سے پسماندہ ضلع تورغر کی ساڑھے پانچ سو سے زائد طالبات نے مڈل تک تعلیم مکمل کر لی ہے۔

اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے جائیکا کی پاکستان میں کنٹری ہیڈ مس چی وو کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ طالبات کے پاس پرائمری کے بعد تعلیمی سہولیات ناپید تھیں جنہیں اوپن یونیورسٹی کے خصوصی پروگرام کے ذریعے ڈیڑھ سال کے عرصہ میں مڈل تک کی تعلیم مہیا کرکے باقاعدہ سرٹیفکیٹ دیئے گئے۔

ڈاکٹر ضیاء القیوم نے بتایا کہ جائیکا علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے کئی تعلیمی پروگرامات میں معاون کا کردار ادا کر رہا ہے، جس میں حالیہ پروگرام بھی شامل ہے۔ تورغر میں مڈل تعلیم مکمل کرنے والی طالبات مزید تعلیم حاصل کرکے ضلع میں پیدا ہونے والی سرکاری پوسٹیں مکمل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گی  جن میں تعلیم،اور دیگر شعبہ جات شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس ضلع کی پسماندگی دیکھتے ہوئے یونیورسٹی نے صحت کے شعبہ میں بھی یہاں کی خواتین کیلئے آسان کورس متعارف کروانے کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں جن سے مستفید خواتین مقامی ہسپتالوں میں خدمات مہیا کر سکیں گی۔

جائیکا کنٹری ہیڈ مس چی وو نے بتایا کہ ان کا ادارہ پاکستان میں تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر سکھلائی پر بھی توجہ دے رہا ہے جس سے تعلیم حاصل کرنے والی خواتین اپنا روزگار بھی کما سکیں گی۔ انہوں نے جائیکا کے منصوبے جاری رکھنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم تعلیم کو لکھنے پڑھنے تک محدود رکھنے کے بجائے اس سے معاشرے کو بہتر شہری مہیا کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔

شعبہ تعلیم اوپن یونیورسٹی کے ڈین ناصر محمود نے یونیورسٹی کے طرز تعلیم اور جاری پروگرامات کا ذکر کرتے ہوئے واضح کیا کہ یونیورسٹی پسماندہ علاقوں میں تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ وہاں کے عوام مقامی نوکریوں تک باآسانی رسائی حاصل کرسکیں۔

تورغر ضلع کیلئے تعلیمی پراجیکٹ کے انچارج نے بتایا کہ تورغر سے پرائمری پاس کرنے والی ساڑھے پانچ سو سے زائد طالبات کو محض ڈیڑھ سال میں مڈل تک خصوصی تعلیم مہیا کی گئی جس کیلئے 200 اساتذہ کی خدمات حاصل کی گئیں اور سرکاری سکولوں کی دستیاب عمارات کے علاوہ مقامی حجروں میں یہ تعلیمی سہولیات مہیا کی گئیں۔  ان طالبات کو میٹرک اور مزید تعلیم مہیا کرنے کیلئے بھی یونیورسٹی خصوص پروگرام ترتیب دے رہی ہے۔