نارروال۔25ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران نیازی نے گزشتہ چار سال چور ڈاکو کا کھیل کھیلا، انہوں نے اپنے دور میں مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے علاوہ کچھ نہیں کیا، نارروال سپورٹس سٹی کیس میں میری بریت میری دیانت داری کا ثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں نارروال کے عوام نے 2018 کے انتخابات میں منتخب کرکے اسمبلی بھیجا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے گزشتہ چار سال کے دوران صرف جھوٹ بولا، چور ڈاکو کا شور مچا کر دشنام طرازی کی۔ انہوں نے کہا کہ نارروال سپورٹس سٹی کیس میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایک گھنٹہ نیب سے سوال کیا کہ وہ کرپشن کا ثبوت دیں لیکن وہ آئیں بائیں شائیں کرتے رہے اور عدالت کے سامنے کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکے، عدالت نے قرار دیا کہ یہ کیس سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا پاکستان کی مدد کرنا چاہتی ہے لیکن عمران نیازی اور ان کی جماعت سوشل میڈیا پر کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کی مدد نہ کی جائے، پاکستان کے مفاد کے خلاف کام کرنے والا کس منہ سے حقیقی آزادی کی بات کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے ملک میں تباہی کے سوا کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے بھاری قرضے لئے، مہنگائی کا جن بوتل سے باہر نکالا، پاکستان کو دنیا میں تنہاکیا اور کشمیر مودی کی جھولی میں ڈال دیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کڑی شرائط سے آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا، وہ دھوکہ باز، فریبی اورجھوٹا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ نارروال سپورٹس سٹی کیس سے ثابت ہوا کہ عمران نیازی نے مسلم لیگ ن کی قیادت پر جھوٹے کیس بنائے، ہم نے جیلوں اور صعوبتوں کا مقابلہ کیا اورجھکے نہیں۔ پی ٹی آئی کے ایک لیڈر کو گرفتار کیا گیا تو اگلے دن وہ عدالت میں پیشی کے موقع پر ہائے ہائے کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 2018 میں اس سٹیڈیم میں کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوئے جبکہ عمران نیازی کی حکومت نے اسے بھوت بنگلے میں تبدیل کردیا۔











