ملتان :صحت سہولت کارڈ کے حوالے سے وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی کی زیر صدارت جائزہ اجلاس

37

ملتان, 26 ستمبر(اے پی پی ): جنوبی پنجاب کی عوام کے لیے صحت کی معیاری اور فوری سہولیات کی فراہمی کے مشن کو آگے بڑھاتے  ہوئے گزشتہ روز وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے نشتر ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں نئے اسٹیٹ آف دی آرٹ آپریشن تھیٹرز کا افتتاح کیا۷۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین، پروفیسر ڈاکٹر مسعود الرؤف ہراج، ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر زاہد، شعبہ اپتھلمالوجی اور نیورو سرجری کے سینئر فیکلٹی ممبران  سمیت دیگر انتظامی افسران بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ جدید سہولیات سے مزین نیورو اور آرتھو پیڈک آپریشن تھیٹرز کو تزئین و آرائش کے بعد فوری طور پر فنکشنل کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد  کی زیر صدارت حکومت کے تاریخی اقدام صحت سہولت کارڈ کے ذریعے عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جائزہ اجلاس بھی منعقد ہوا۔ اجلاس میں نشتر ہسپتال میں صحت کارڈ کے ذریعے دستیاب طبی سہولیات اور اسکے نتیجے میں عوام کو پہنچنے والے ریلیف پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ صحتِ سہولت کارڈ کے ذریعے عوام کو فری علاج معالجے کی سہولت کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو اپنے ہرممکن تعاون کی یقین دھانی بھی کرائی ۔