الخدمت فاونڈیشن  کی جانب سے دریائے سوات پر سیلاب متاثرین کی سہولت کے لئے مفت چیئر لفٹ  کا قیام

49

 

پشاور، 26ستمبر(اے پی پی): الخدمت فاؤنڈیشن نے سیلاب میں رابطہ پل بہہ جانے کے باعث لوگوں کی آمدورفت  کےلئے بحرین، مدین اور وادی کالام میں چیئر لفٹ لگانے کا کام شروع کردیا ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی صدر خالد وقاص نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لئے اپرسوات کے متاثرہ علاقوں مدین، بحرین،گبرال اور کالام کا دورہ کیا۔

خالدوقاص نے چیئرلفٹس تنصیب کے موقع پر کہا کہ صوبہ بھر میں حالیہ سیلاب کے موقع پر الخدمت نے ریسکیو اور ریلیف کے بعد سیلاب متاثرین کی بحالی اور دوبارہ آبادکاری کےلئے سرگرم عمل ہے، سیلاب سے دیگر علاقوں کی طرح سوات میں بھی بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ پلوں اور سڑکوں کا انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے،آمدورفت کے ذرائع نہ ہونے کی وجہ سے یہاں کے پھل اور سبزیاں دوسرے شہروں کو پہنچانا سنگین مسئلہ بن چکا ہے، لوگوں کی فصلیں اور باغات خراب ہورہے ہیں اور تجارت کا سلسلہ منقطع ہونے کے باعث مزید نقصان اُٹھانے کا خدشہ ہے جس کیلئے الخدمت فاؤنڈیشن نے سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لاکر تعمیر نو میں مدد کا بیڑا اٹھایا ہے۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ الخدمت فاونڈیشن سوات کے صدر محمد زادہ، صوباٸی میڈیا منیجر نورالواحد جدون ،تحصیل صدر قاری ،سابق تحصیل ناظم کالام حبیب اللہ ثاقب اور ضلعی ذمہ داران بھی ان کے ہمراہ تھے۔