ملک میں ٹیکس چوری کے رجحان کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے؛ ممبر پبلک ریلیشنز ایف بی آر سردار علی خواجہ

5

ملتان، 15 ستمبر (اے پی پی ):فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ممبر پبلک ریلیشنز سردار علی خواجہ نے کہا ہے کہ ملک میں ٹیکس چوری کے رجحان کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے ، کاروباری افراد جو ٹیکسز اپنے کسٹمرز  سے لیتے ہیں وہ ایمانداری کے ساتھ قومی خزانے میں جمع کرائیں ۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں ملتان میں ایف بی آر کی پوائنٹ آف سیل (پی او ایس )انعامی سکیم کی نویں کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے موقع پر کیا۔ سردار علی خواجہ نے کہا کہ ملتان اولیاء اور محبتوں کا شہر ہے، یہاں آ کر دلی خوشی اور پاکیزگی محسوس ہوئی ہے  ۔انہوں نے کہا کہ ملکی موجودہ معاشی صورتحال سے سب ہی واقف ہیں،پاکستان ہمارا گھر ہے ،ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے سب کو ملکر کام کرنا چاہیے ، تاجروں سے درخواست ہے کہ پی او ایس کے ذریعے جو ٹیکس وہ اپنے کسٹمرز سے لیتے ہیں اسے ایمانداری کے ساتھ قومی خزانے میں جمع کرائیں،ٹیکس کلکٹرز ،تاجر اور عام افراد سب کو اپنا اپنا حصہ ڈالنا ہے۔

ممبر پی آر نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی کیلئے پی او ایس سکیم ایک وسیلہ ہے ،عوام اپنے اندر ٹیکس کے احساس کو اجاگر کریں اور خریداری کے وقت ریٹلرز سے پکی رسید طلب کریں ،پی او ایس کے تحت زاتی فائدے کیساتھ قومی فائدہ بھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ  پی ایس مشین کے بارے میں جو غلط انفارمیشن پھیلائی جا رہی وہ درست نہیں ،پی او ایس مشین کے بارے اگر کسی کو کوئی تحفظات ہیں تو وہ ایف بی آر سے رابطہ کرے۔

 سردار علی خواجہ نے کہا کہ ملتان میں رجسٹرڈ ریٹیلرز کی تعداد کم ہے ،ملتان کے ڈھائی لاکھ افراد اپنے ٹیکس ریٹرنز جمع نہیں کروا رہے،سب اپنا قومی فرض ادا کریں اور خود کو ایف بی آر میں رجسٹرڈ کروائیں ، وقت پر اپنے ٹیکس ریٹرنز جمع کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ جو ریٹیلرز جان بوجھ کر خود کو رجسٹرڈ نہیں کروا رہے یا ٹیکس ریٹرنز جمع نہیں کروا رہے ان کیخلاف ایکشن لیا جائے گا ،ان کا کاروبار سیل اور جرمانے کیساتھ سزا بھی  سکتی ہے ۔

 ممبر پی آر نے کہا کہ شہری پی او ایس اسکیم میں آئیں ،انعام جیتیں اور اپنے ٹیکس گوشوارے بھی جمع کروائیں ۔انہوں نے کہا 30 ستمبر ٹیکس ریٹرنز جمع کروانے کی آخری تاریخ ہے ، اپنے اکاؤنٹس کو ایکٹو رکھیں،نان فائلر بھی ٹیکس نیٹ میں آئیں اور اپنے ریٹرنز جمع کروائیں۔

 اس موقع پر پی او ایس انعامی سکیم کے تحت دس لاکھ روپے کا ایک انعام ،پانچ پانچ لاکھ روپے کے دو انعامات ،اڑھائی اڑھائی لاکھ روپے کے چار انعامات اور پچاس 50 ہزار روپے کے ایک ہزار انعامات جیتنے والے خوش نصیبوں کے ناموں کا اعلان کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے زریعے کیا گیا ۔

چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس ملتان نے پی او ایس انعامی سکیم کے تحت انعامات جیتنے والے 80 فیصد لوگوں کو انعامی رقم منتقل کی جا چکی ہے ۔ تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی اور کاروباری افراد کو اعزازی شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔