کوئٹہ؛ ہلال احمر سیلاب متاثرین کی مدد کرنے جعفرآباد پہنچ گئی، دوسو سے زائد گھرانوں میں امدادی سامان تقسیم

9

کوئٹہ، 15 ستمبر (اے پی پی ):پاکستان ہلال احمر سیلاب متاثرین کی مدد کرنے جعفرآباد پہنچ گئی، دوسو سے زائد گھرانوں میں امدادی سامان تقسیم  کیا گیا۔

ہلال احمر کے چئیرمین  سردار شاہد احمدلغاری نے کہاہے کہ پاکستان ہلال احمر مصیبت کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کے ساتھ ہے۔ رکن بلوچستان اسمبلی میر عمرخان جمالی نے ہلال احمر کی جانب سے متاثرین سیلاب کی بحالی کے لیے اقدامات کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہا  کہ آج امدادی اشیاء کی تقسیم سے سیلاب متاثرین کے چہروں پر مسکراہٹ دیکھ کر  خوشی ہوئی ہے۔

 ہلال احمر پاکستان کی جانب سے سیلاب متاثرہ دوسو گھرانوں میں امدادی سامان کی تقسیم کی تقریب روجھان جمالی میں منعقد ہوئی۔ ہلال احمر پاکستان کے چئیرمین نے متاثرین سیلاب سے بات چیت کرتے ہوئے کہاہے کہ انکی مدد اور خدمت اولین ترجیح ہے، حالیہ سیلاب سے جعفرآباد میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، ہلال احمر بلاامتیاز بلاتفریق اور بلا رنگ ونسل ہر متاثرہ گھرانے کی مدد کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی طبی سہولتوں صحت وصفائی  اور نفسیاتی امداد کے علاوہ گھریلو ضرورتوں کاسامان ہرگھر تک پہنچائیں گے ہم اپنے ڈونرز اور دیگراداروں کے اشتراق اور اپنے اقدامات سے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے مربوط حکمت عملی سے کام کررہے ہیں، ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں پاکستان ہلال احمرنے گرانقدر خدمات سرانجام دیئے ہیں۔

سردار شاہد احمدلغاری   نے کہا کہ آج جعفرآباد کے علاقے روجھان جمالی میں امدادی پیکج کی تقسیم ہماری اقدامات کاحصہ ہے، ہم تاریخ کی سب سے بڑی تباہی سے دوچار ہیں اورآخری متاثرہ شخص کی بحالی تک ہم خدمت خلق کاتسلسل جاری رکھیں گے۔

 اس موقع پر ممبرصوبائی اسمبلی ومشیر توانائی میرعمرخان جمالی نے کہاکہ آج ہمیں بے حد خوشی ہوئی ہے کہ دیگرعلاقوں کی طرح ہلال احمر نے نصیرآباد ڈویژن میں بھی ترجیحی بنیادوں پر فلاحی کاموں میں ہلال احمربڑھ چڑھ کرحصہ لے رہی ہے، اس سے قبل بھی قدرتی آفات میں انکے رضاکاروں نے انسانی زندگیاں بچانے میں اہم کردار ادا کیاہے۔

 اس موقع پر میجر ریٹارڈ میر جاوید خان جمالی سیکریٹری ہلال احمر بلوچستان ایوب خان نے بھی  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج کی یہ تقریب جعفرآباد کے سیلاب متاثرین کی دل جوئی کے لیے ہے، ہلال احمر سیلاب متاثرہ ہرگھرتک امداد پہنچانے کے لیے یقینی اقدامات کررہی ہے۔