میر پور خاص، عید میلادالنبی ﷺ کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد

12

میرپورخاص، 26 ستمبر( اے پی پی): ڈی آئی جی میرپورخاص  ذوالفقار علی مہر کی جانب سے عید میلادالنبی ﷺ اور ماہ ربیع الاول کے حوالے سے ڈی آئی جی آفس میرپورخاص میں اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں ۱۲ ربیع الاول کے حوالے سے کئے جانے والے حفاظتی انتظامات ودیگر اہم امور کا جائزہ لیا گیا.اجلاس میں ایس ایس پی  میرپورخاص کیپٹن (ر) محمد اسد چوہدری ،ایس پی عمرکوٹ اعجاز احمد شیخ  ، ایس ایس پی تھرپارکر حسن سردار نیازی ، ڈی ایس پی ایڈمن رینج عطا محمد نظامانی اور میرپورخاص ڈویژن کے متعلقہ ڈی آئی بی انچارجز اور تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام و عمائدین نے شرکت کی.اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا ، اجلاس میں ڈی آئی جی میرپورخاص کی جانب سے شرکاء کو خوش آمدید کیا گیا ، اجلاس میں عیدمیلادالنبی ﷺ اور ماہ ربیع الاول کے حوالے سے مجموعی سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا ، اجلاس میں رینج پولیس کی جانب سے کئے گئے سکیورٹی  انتظامات پر شریک علماء کرام و عمائدین سے تبادلہ خیال کیا گیا  اور اس سلسلے میں شریک علماء کرام و عمائدین  نے عید میلادالنبی ﷺ سے قبل مختلف مسائل پر روشنی ڈالی اور اپنی گزارشات سے آگاہ کیا ، بعد از درپیش آنے والے مسائل اور تجاویز  کا بغور جائزہ لیا گیا اور ان پر عملدرآمد کی مکمل یقین دہائی کرائی گئی .اس موقع پر ڈی آئی جی میرپورخاص ذوالفقار علی مہر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محسن انسانیت خاتم النبیین احمد مجتبیٰ محمد مصطفیٰ حضرت محمد ﷺ کا یوم ولادت دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے انتہائی اہم اور خوشی کا دن ہے کہ جس دن آقا محبوب ﷺ اس دنیا میں تشریف فرما  ہوئے ، اس دن کی مناسبت سے مختلف مکاتب فکر و مذہبی جماعتوں کی جانب سے آقا دو جہاں حضرت محمد ﷺ سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے جلوس نکالے جاتے ہیں ،اورمحافل میلاد منعقد کی جاتی ہیں، جبکہ اس سلسلے میں عیدمیلادنبیﷺ کے موقع پر سخت اور غیر معمولی حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے ، اس ضمن میں رینج پولیس کی جانب سے میرپورخاص رینج کے اضلاع میں 2700 سے زائد پولیس افسران و جوان سکیورٹی فرائض ادا کریں گے، جبکہ دوران ریلی و جلوس ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے متبادل راستوں کے استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔