لاہور5 ستمبر ( اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے آج وزیر اعلی آفس میں امانہ گروپ کے چیئرمین اور معروف کاروباری شخصیت عابد بٹ نے ملاقات کی- امانہ گروپ کے چیئرمین عابد بٹ نے وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ میں 7 کروڑ روپے کا چیک پیش کیا- وزیر اعلی چودھری پرویز الٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب زدگان کی مدد کے لئے مخیر حضرات کا جذبہ قربانی قابل تحسین ہے- وزیر اعلی فلڈ ریلیف فنڈ میں آنے والا ایک ایک روپیہ سیلاب متاثرین کی بحالی پر خرچ ہو گا-وزیر اعلی پرویز الہی نے بتایا کہ فنڈ کی شفافیت کے لئے مانیٹرنگ کا موثر میکنزم تشکیل دیاگیاہے- حق دار کو اس کا پورا حق دیں گے۔وزیر اعلی فلڈ ریلیف کی رقم کو شفاف طریقے سے متاثرہ بہن بھائیوں کی بحالی پر صرف کیا جائے گا۔وزیر اعلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے خصوصی فلٹریشن ہینڈ پمپ کی تنصیب پر غور کر رہے ہیں -وزیر اعلی نے کہا کہ سیلاب زدگان ہمارے بھائی ہیں، مصیبت میں تنہانہیں چھوڑیں گے – سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہے ہیں – صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری سمیت پنجاب حکومت کی سیاسی و انتظامی ٹیم سیلاب زدگان کے لئے فیلڈ میں جا رہی ہے – سیلاب متاثرین کی جلد بحالی اولین ترجیح ہے۔محمد یوسف، محمد پرویز اعوان، نجم مزاری، صوبائی مشیر عامر سعید راں،سابق صوبائی وزیر غلام عباس بھی اس موقع پر موجود تھے-











