ہم سب کو سیلاب متاثرین کی بحالی اور انہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے میں اپنا فعال کردار ادا کرنا چاہئے: گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن

15

لاہور، ستمبر 5(اے پی پی): گورنر  پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے  فیصل آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے گورنر پنجاب کو انڈسٹری کو درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا.

 گورنر پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی کے لیے خواتین کی تعلیم اور انہیں بااختیار بنانا بہت اہم ہے. ہماری خواتین صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی بھی طرح کسی سے کم نہیں. مختلف شعبوں میں ان کی نمایاں کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ ویمن چیمبرز میں خواتین کی نمائندگی دوسری خواتین کے لیے حوصلہ افزا ہے. خواتین گھر اور باہر کی دوہری ذمہ داریاں پوری کر کے مشکل حالات میں کامیابی حاصل کرتی ہیں۔ حکومت سمیت معاشرے کے ہر فرد کو خواتین کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیئے. خواتین کو اگے بڑھنے کے لیے  ساز گار مواقع فراہم کرنے چاہئیں. خواتین کو بااختیار بنائے بغیرترقی کے اہداف حاصل نہیں کیے جاسکتے ۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ ویمن چیمبر سے منسلک  خواتین کا ٹیکسٹائل، فیشن گارمنٹس، کنسٹرکشن، پیکیجنگ ،انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ سمیت دیگر شعبوں میں کاروبار کرنا قابل تعریف ہے۔ مختلف کاروبار سے وابستہ خواتین کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے میں خواتین چیمبرز کا کردار اہم ہے.

 گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی اور انہیں ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہے۔  گورنر پنجاب نے ویمن چیمبر کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان اکٹھا کرنے اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں بھیجنے کے عمل کو سراہا.

انھوں نے کہا کہ ہم سب کو سیلاب متاثرین کی بحالی اور انہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے میں اپنا فعال کردار ادا کرنا چاہئے۔

 وفد میں نائب صدر فرحت نثار، ایگزیکٹو کمیٹی ممبر شمع احمد ، حنا بابر، زرقا طارق، شازیہ شریف ، کرستیناپیٹر، اقصیٰ ریاض، رابعہ توقیر اور صائمہ عرفان شامل تھیں۔