وزیر پارلیمانی امور راجہ بشارت سے یورپی یونین کے وفد کی ملاقات، پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کیا

10

لاہور،02 ستمبر ( اے پی پی): وزیر پارلیمانی امور راجہ بشارت سے یورپی یونین کی فرسٹ پولیٹیکل سیکرٹری مس ڈیلریڈ ٹیلین کی سربراہی میں وفد نے جمعہ کو یہاں پنجاب اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی ۔یورپی یونین کے وفد نے  پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کیا۔ملاقات میں انتخابی اصلاحات اور بلدیاتی الیکشن کے انعقاد پر تبادلہ خیال کیا ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر پارلیمانی امور راجہ بشارت نے کہا کہ چیئرمین عمران خان سیاسی اصلاحات کے سب سے زیادہ حامی ہیں،  پی ٹی آئی فوری طور پر عام انتخابات چاہتی ہے، ای وی ایم کے استعمال سے شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن ہے،صرف الیکشن کے روز عالمی مبصرین کی موجودگی کافی نہیں،انتخابی فہرستوں، حلقہ بندیوں اور نامزدگی کے عمل میں بھی شفافیت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پرویز الہی نے اپنے سابق دور میں بھی بلدیاتی انتخابات کرائے، پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے تیار ہے۔