گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کی زیر صدارت  اجلاس ، وائس چانسلرز کانفرنس ستمبر کے آخر میں مری میں منعقد کرانے کا فیصلہ

15

لاہور،02 ستمبر (اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے وائس چانسلرز کانفرنس  کے حوالے سے گورنر ہاؤس میں اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں چیئر مین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شاہد منیر اور مختلف جامعات کے وائس چانسلرز نے شرکت کی۔ پرنسپل  سیکرٹری ٹو گورنر نبیل اعوان بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

 اجلاس میں وائس چانسلرز کوہسار یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر حبیب بخاری، ایجوکیشن یونیورسٹی ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا، یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز ڈاکٹر نسیم احمد، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر بشری مرزا نے شرکت کی۔

 اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وائس چانسلرز کانفرنس ستمبر کے آخر میں مری میں منعقد کی جائے گی۔  کانفرنس میں پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز شرکت کریں گے، کانفرنس میں 7 شعبوں میں مختلف کنسورشیم بنائے جائیں گے جبکہ  کنسورشیم کے حوالے سے سٹیرنگ کمیٹیاں بنائی جائیں گی اور  کنسورشیمز کے ٹی او آرز طے کیے جائیں گے۔

چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ہائر کمیشن ماحولیات سمیت مختلف مسائل کے حل کے لیے کنسوشیمز کی سفارشات پنجاب کابینہ کو بھیجے گا۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیات، ویمن ایمپارمنٹ ،تعلیمی اداروں میں منشیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کردار سازی، سمیت 7 شعبوں میں کنسورشیم بنائے جائیں گے،یہ کنسورشیم اکیڈیمیہ اور انڈسٹری کے درمیان رابطہ پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

  بلیغ الرحمان نے کہا کہ صنعتی شعبے کے ساتھ اشتراک ( Industrial collaboration) پر بھی کنسورشیم بنے گا، تعلیمی درسگاہوں میں منشیات کے استعمال کی شکایات بہت ذیادہ ہیں، تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کو روکنے کے لیے بھی کنشورشیم بنے گا۔انہوں نے کہا کہ  دنیا میں ہر جگہ یونیورسٹیوں کی اپنی پولیس ہوتی ہے، اس کے حل کے لیے بین الاقومی معیار کو مد نظر رکھتے ہوئے جامعات کی اپنی پولیس بنانے کی ضرورت ہے۔

اے پی پی /لاہور/حامد