لاہور2 ستمبر ( اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے رائیونڈعالمی تبلیغی اجتماع کی شوریٰ کے اراکین نے ملاقات کی۔وزیر اعلیٰ آفس میں ہونے والی ملاقات میں چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ رائیونڈ عالمی تبلیغی اجتماع کے لئے شاندار انتظامات کئے جائیں گے۔ 3نومبر کو رائیونڈ عالمی تبلیغی اجتماع سے قبل علاقے کی سڑکوں کی تعمیر ومرمت کاکام مکمل کر لیاجائے گا-اجتماع کیلئے ریسکیو 1122 کا مکمل سنٹر فعال کیاجائے گا پٹرو لنگ پوسٹیں بھی قائم کریں گے عالمی تبلیغی اجتماع کے لئے آنے والے شرکاء کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی-انہوں نے کہا کہ رائیونڈ اجتماع کے لئے آنے والے افراد ہمارے معزز مہمان ہیں،ان کی کھلے دل سے مہمان نوازی کریں گے رائیونڈ عالمی تبلیغی اجتماع مسلمانوں کا بہت بڑا اجتماع ہے-اس اجتماع میں لاکھوں لوگ شرکت کرتے ہیں۔ ان لوگوں کے لئے بہترین انتظامات کرنا ہماری دینی اورمعاشرتی روایات کاحصہ ہے-وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی سے ملاقات کرنے والوں میں مولانا محمد عامر، امتیاز احمد خان غنی، آفتا ب احمد خان غنی، راسخ الٰہی اور رائیونڈتبلیغی اجتماع کمیٹی کے چیئرمین حافظ عمار یاسر شامل تھے اراکین اسمبلی،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب محمد خان بھٹی،سابق صدر بینک آف پنجاب ہمیش خان،ڈی جی ا یل ڈی اے اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔











