سعودی عرب؛ ریاض سیزن میں پاکستانی نائٹ کا اہتمام،گلوکاروں اور کامیڈین شکیل صدیقی نے شائقین کو خوب محظوظ کیا

5

ریاض،29اکتوبر(اے پی پی): سعودی دارالحکومت ریاض میں جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام ریاض سیزن میں پاکستان نائٹ منائی گئی جس میں پاکستان بھر کے علاقائی رنگ نمایاں رہے، فوک اور پوپ میوزک گلوکاروں نے بھرپور انداز سے پرفارم کیا، نامور کامیڈین شکیل صدیقی نے بھی مسکراہٹیں بکھیریں اور لوگوں کو خوب محظوظ کیا۔

 پاکستانی نائٹ میں ڈھول کی تھاپ نے بھی رنگ جمایا جس پر منچلے نوجوانوں نے خوب بھنگڑے ڈالے اسکے علاوہ ٹرک آرٹ کو بھی پیش کیا گیا تھا جس کو سعودی اور پاکستانی شہریوں سمیت دیگر نے بھی پسند کیا۔

 پاکستانی نائٹ میں شریک پاکستانیوں کا کہنا تھا کہ وہ سعودی قیادت اور جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے شکر گزار ہیں جنھوں نے ان کی تفریح کا اہتمام کیا۔