اوکاڑہ،17 نومبر (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ پرائس مجسٹریٹس کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ ضلع کی ریونیو حدود میں مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فروخت کو یقینی بنائیں اور ناجائز منافع خوروں اورذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کاروائی کریں ناجائز منافع خور کسی رعائیت کے مستحق نہیں ہیں یہ لوگ نہ صرف قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں بلکہ صارفین کی حق تلفی کے بھی مرتکب ہو رہے ہیں صارفین کے حقوق کا تحفظ انتظامیہ کی پہلی ترجیح ہے اور پرائس مجسٹریٹس اس سلسلہ میں اپنا کردار ادا کریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرائس کنٹرو ل کمیٹی و پرائس مجسٹریٹس کی کا ر کردگی کے جائزہ اجلاس کی صدار ت کرتے ہوئے کیا۔ اجلا س میں تمام پرائس مجسٹریٹس اور متعلقہ افسران نے شرکت کی اس موقع پر ڈسٹر کٹ آفیسر آئی پی ڈبلیو ایم خالد بھٹی نے پرائس مجسٹریٹس کی کار کردگی ،گرانفروشوں کو کئے گئے جرمانے اور فیلڈ میں پرائس مجسٹریٹس کی جانب سے کئے گئے دوروں سے متعلق بریفنگ دی۔











