اسلام آباد ، 20نومبر(اے پی پی):چئیر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام و وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ہزاروں غریب خاندانوں کو بچوں کی تعلیم و صحت کے لئے وظائف دے رہا ہے، یہ وظائف بینظیر نشونما پروگرام اور بینظیر تعلیمی وظائف کے تحت دیئے جا رہا ہیں۔
20نومبر بچوں کے عالمی دن کے موقع پر وفاقی وزیر شازیہ مری نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے دن ہمیں یاد رکھنا ہے کہ حالیہ سیلابوں سے لاکھوں بچے بے گھر ہوئے ہیں، متاثرین بچے ہماری مدد کے لئے ترس رہے ہیں، آئیں مل کر ان مصیبت زدہ بچوں کی مدد کریں۔
شازیہ مری نے کہا کہ دنیا 20 نومبر کے دن کو بچوں کے عالمی دن کے طور پر مناتی ہے، یہ دن بچوں کے فلاح و بھبود کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا دن ہے۔انہوں نے کہا کہ بینظیر نشونما پروگرام کے ذریعے ماں و بچہ کو وٹامنز و منرلز کے ساشے دئیے جاتے ہیں جو کہ بچوں کو صحتمند بناتے ہیں۔
وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ بینظیر تعلیمی وظائف کے ذریعے غریب خاندانوں کے بچوں کو وضائف بھی دیے جاتے ہیں۔اس پروگرام میں بچیوں کو تھوڑی زیادہ اہمیت دی گئی یے تاکہ غریب والدین ان کی تعلیم میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔انہوں نے کہا کہ آج ہم ان بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم دہراتے ہیں۔











