جلال پورپیروالہ،17 نومبر(اے پی پی ): او جی ڈی سی ایل کی جانب سے سوشل ویلفیئر پروگرام کے تحت تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں نادار اور مستحق افراد کیلئے آج سے 3 روزہ فری آئی کیمپ کا آغاز کردیا گیا۔
ریجنل کوارڈینیٹر او جی ڈی سی ایل ملتان محمد طیب نے میڈیا کو بتایا کہ کیمپ میں شفاء انٹرنیشنل ٹرسٹ کے تعاون سے 30 آئی سپیشلسٹ ڈاکٹرز و سرجن غریب اور نادار لوگوں کا مفت معائنہ کرینگے ہماری کوشش ہے کہ 3 دن کے اس فری کیمپ میں زیادہ سے زیادہ مریضوں کا چیک اور علاج معالجہ ہو۔
جنرل منیجر الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال راولپنڈی کرنل طارق کا کہنا تھا کہ او جی ڈی سی ایل اور سی ایس آر کے تعاون سے فری میڈیکل کیمپ میں آئی سپیشلسٹ ڈاکٹرز، سرجن، اور پیرا میڈیکل اسٹاف موجود ہے یہاں مریضوں کی بڑی تعداد چیک اپ کے لئے آرہی ہے ، ہمارا ایک سال میں 30 سے زائد فری آئی کیمپ لگانے کا ٹارگٹ ہے، انشاءاللہ اسے پورا کرینگے اس کے علاوہ یہاں آنے والے مریضوں کو ان کی تشخیص کی مطابق علاج معالجہ دیا جائے گا ،کیمپ میں جن مریضوں کو نظر کا مسئلہ ہوگا انہیں چشمے ادویات مفت دی جائیں گی اور اگر آپریشن ضرورت ہوئی تو آپریشن بھی یہاں کیا جائے گا۔
اس موقع پر ایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈاکٹر ملک ماجد مشتاق، سیاسی شخصیت ملک اقبال جوئیہ، شاہد خان کلاچی، محمد اسلم لاثانی، سجاد خان بلوچ و دیگر بھی موجود تھے ۔











