جنوبی پنجا ب کیلئے مختص فنڈز کہیں اورخرچ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، چودھری پرویز الہی

39

لاہور۔15نومبر  (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کی زیر صدارت  منگل کو یہاں وزیراعلی آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔صوبائی وزرا ء راجہ محمد بشارت،محسن لغاری،اختر ملک،شہاب الدین اور مونس الہی نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے امور میں بہتری لانے کیلئے تجاویز پر غور کیاگیااورجنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے معاملات میں رکاوٹیں دورکرنے کیلئے صوبائی وزیر راجہ بشارت کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔اجلاس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو فعال بنانے پر اتفاق کیاگیا۔وزیراعلی چودھری پرویزالہی نے جنوبی پنجاب کیلئے مختص35 فیصد ترقیاتی فنڈ کا استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کی اورکہا کہ ہماری حکومت جنوبی پنجاب سے متعلق اہداف کو پورا کرنے پر بھر پور توجہ دے گی اور جنوبی پنجا ب کیلئے مختص فنڈز کہیں اورخرچ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔وزیراعلی نے کہا کہ ملتان وہاڑی روڈ کی مرحلہ وارتعمیر وبحالی کا پراجیکٹ شروع کریں گے۔ملتان میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے ساتھ سٹیٹ آف دی آرٹ سرکٹ ہا ئوس بنائیں گے۔ملتان میں سٹیٹ آف دی آرٹ جم خانہ کلب بھی بنایا جائے گا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب نے اجلاس کے شرکا کو تفصیلی بریفنگ دی۔چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل،ایڈیشنل چیف سیکرٹری کیپٹن(ر) اسد اللہ خان،سیکرٹری خزانہ وا صف خورشید، سیکرٹری ریگولیشن اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔