حسن ابدال۔ 11 نومبر (اے پی پی): گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں بابا گرونانک کے جنم کے دن کے موقع پر سکھ یاتریوں نے بھوگ رسم ادا کی اور ایک دوسرے کو سروپا(چادریں) پیش کیں، بھوگ رسم کے دوران بھارت سے آئے ہوئے سکھ یاتری عبادت میں مصروف رہے۔ اس موقع پر سکھ یاتریوں میں پرشات(حلوہ) بھی تقسیم کیا گیا ،سکھ یاتریوں نے پاکستان حکومت اور عوام کی طرف سے بہترین مہمان نوازی کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایسا محسوس ہورہا ہے کہ اپنے دیس میں موجود ہیں، ہمیں بہترین سیکورٹی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ رہائش کے لئے بہترین کمرے دئیے گئے، لنگر کا انتظام بھی بہت اعلیٰ کیا گیا ہے۔بھارت سے آئے ہوئے880 سکھ یاتریوں کوپہلی ٹرین کے ذریعے ننکانہ صاحب کیلئے روانہ کر دیا گیا، گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال سے ریلوے سٹیشن حسن ابدال تک خصوصی بسوں کے ذریعے سکھ یاتریوں کو لے جایا گیا، ان بسوں کے ہمراہ پولیس اور ایلیٹ فورس کے خصوصی دستے تعینات تھے جبکہ روٹ کے دونوں اطراف میں ٹریفک پولیس اور پولیس کے دستے تعینات تھے ،سکھ یاتریوں کو گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال سے لیجانے کے وقت تمام راستوں کو مکمل بند کر دیا گیا۔ریلوے سٹیشن حسن ابدال پر اے سی حسن ابدال محمد عارف قریشی،ریلوے پولیس اور ریلوے کے حکام کے علاوہ بلدیہ حسن ابدال نے افسران نے سکھ یاتریوں کی پہلی ٹرین کوالوداع کہا۔ ریلوے پولیس کے علاوہ پنجاب پولیس اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری اس موقع موجود تھی۔











