عام انتخابات وقت اور آئین کے مطابق ہوں گے؛سینیٹررضا ربانی

28

کراچی،5نومبر  (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ عام انتخابات وقت پر اور آئین کے مطابق ہوں گے، اداروں پر غیر ضروری تنقید غلط ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل آفیئرز میں “پاکستان ان این ایچ آف انٹرنیشنل”کی تقریب رونمائی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پی ٹی آئی کے سربراہ کی جانب سے اداروں پر تنقید کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اداروں پر غیر ضروری تنقید غلط ہے۔انہوں نے کہا کہ ذاتیات کی بجائے مسائل پر بات کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت سیاسی صورتحال مثالی نہیں ہے۔

 قبل ازیں کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ بلانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی پر قابو پانا ہو گا تاکہ اس کے مزید پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ مذہبی انتہا پسندی موجود ہے،جمہوری انقلاب خونی انقلاب نہیں ہے۔

 سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ آج برداشت نہیں ہے۔انہوں نے خاص طور پر موجودہ دور میں طلبہ یونینز، انسداد بیانیہ اور مزدور یونینوں کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔  کتاب پر مبارک باد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کتاب میں بہت سی چیزیں بیان کی گئی ہیں جن میں پاکستان کی سابق کابینہ سیکرٹری ڈاکٹر معصومہ حسن کی کراچی سے متعلق یادیں بھی شامل ہیں۔

 اس موقع پر زبیدہ مصطفیٰ، شہاب سرکی اور کتاب کی مصنفہ ڈاکٹر معصومہ حسن نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔