مری،12نومبر (اے پی پی):پنجاب آرٹس کونسل مری کے زیر اہتمام یوم اقبال کے سلسلے میں شاعر مشرق ومفکر اسلام کی فکر ونظر وفلسفہء خودی کے حوالہ سے مختلف سرکاری وغیر سرکاری سکولوں کے درمیان ایک تقریری مقابلہ منعقد ہوا۔
یہ پروقار تقریب مری آرٹس کونسل کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی، تقریب میں سرکاری افسران، سول سوسائیز، شہریوں کے علاوہ خواتین اور طلباء وطالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
طلباء وطالبات نے خوبصورت انداز میں اپنی تقریروں میں علامہ اقبال کی ایک حقیقت پسندانہ شاعری کو امت مسلمہ کے لیے بہترین رہنمائی قرار دیا اور کہا کہ آج بھی اگر ملت اسلامیہ اقبال کے حقیقی خیالات وتصورات کو اپنائے تو وہ عظمت و شان و شوکت کی دولت سے مالا مال ہوسکتے ہیں، اقبال نے اپنی انقلابی شاعری میں خودی کا فلسفہ پیش کرکے ہر فرد کو ایک نظریہ پر بیداری کا درس دیا ہے۔
تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے تقریری مقابلہ میں بہترین کار کردگی پر طلباء وطالبات کو انعامات اور شیلڈ پیش کی۔











