ملتان؛ محکمہ سکول ایجوکیشن کے زیراہتمام سکولمپکس گیمز میں گرلز و بوائز  ٹیموں کے مابین مقابلے جاری

36

ملتان،09 نومبر (اے پی پی ):محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی  پنجاب کے زیراہتمام سکولمپکس گیمز میں گرلز و بوائز  ٹیموں کے مابین مقابلوں کا سلسلہ جاری  ہے۔ سپورٹس جمنازیم، ڈویژنل سپورٹس گراؤنڈ ملتان میں منعقدہ گرلز  کیٹیگری میں بیڈمنٹن  کے مختلف میچز میں مظفرگڑھ کی ٹیم  نے سندھ، وہاڑی  نے بلوچستان کو، ڈیرہ غازی خان نے آزاد کشمیر اور لودھراں  نے خیبرپختونخوا کی ٹیموں کو شکست دے کر میچ جیت لیے۔ بوائز کیٹیگری میں ٹیبل ٹینس  کے مقابلوں میں مظفر گڑھ  نے سندھ، بلوچستان  نے وہاڑی، آزاد کشمیر  نے ڈیرہ غازی خان، خیبر پختونخوا  نے لودھراں اور بہاول نگر  نے رحیم یار خان کو شکست سے دوچار کیا۔ گورنمنٹ گرلز کمپری ہینسیو  ہائیر سکینڈری سکول ملتان میں منعقدہ گرلز کیٹیگری میں ٹیبل  ٹینس کے میچز میں مظفرگڑھ نے سندھ، وہاڑی  نے بلوچستان، ڈیرہ غازی خان  نے آزاد کشمیر، لودھراں  نے خیبرپختونخوا اور خانیوال  نے لیہ کو شکست دے دی۔

گرلز کیٹیگری میں والی بال کے مقابلوں میں لیہ  نے بہاول نگر، رحیم یار خان  نے ملتان جب کہ  وہاڑی  نے ڈیرہ غازی خان کو شکست دی۔ بورڈ  آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن ملتان میں منعقد ہونے والے والی بال کے  بوائز کیٹیگری  کے مقابلوں میں بہاول نگر کی ٹیم  نے لیہ، رحیم یار خان نے ملتان اور وہاڑی  نے ڈیرہ غازی خان کی ٹیموں کو ہرا  دیا۔

 ملتان ہاکی سٹیڈیم میں گرلز ٹیموں کے مابین ہونے والے ہاکی میچز میں لیہ  نے راجن پور کو صفر کے مقابلے میں 2 گول سے  شکست دے دی، بہاول پور  نے صفر کے مقابلے میں 7 گول سے خانیوال جب کہ رحیم یار خان  نے صفر  کے مقابلے میں 2 گول سے ڈیرہ غازی خان کی ٹیم کو شکست دے دی۔

 ڈویژنل سپورٹس گراؤنڈ ملتان میں فٹ بال کے میچ میں ملتان  نے مظفرگڑھ کی  ٹیم کو صفر کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے دی جب کہ بہاول پور اور رحیم یار خان کی ٹیموں کے درمیان ہونے والا میچ صفر صفر سے ڈرا ہو گیا۔

واضح رہے کہ محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام بین الاقوامی اولمپکس کی طرز پر ترتیب دیے گئے سکولمپکس گیمز (سیزن 2) کے ان پانچ روزہ مقابلوں میں آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان سمیت ملک کے چاروں صوبوں اور جنوبی پنجاب کے گرلز و بوائز سکولوں کے 1900 کھلاڑی ہاکی، فٹ بال، والی بال، ٹیبل ٹینس، بیڈ منٹن اور اتھلیٹیکس کے مقابلوں میں حصہ  لے رہے ہیں۔