لاہور،23نومبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی سے وزیراعلی آفس میں سر گنگا رام کی پڑپوتی کیشا رام ہنسڈالے نے ملاقات کی۔اس موقع پر کیشا رام ہنسڈالے کے شوہر جیکب کرتا ہنسڈالے بھی موجود تھے۔
وزیراعلی نے سر گنگا رام کی سماجی شعبے میں گراں قدر خدمات کو سراہا اور اندرون لاہو رٹیکسالی گیٹ میں گنگارام کی رہائش گاہ کی بحالی کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ گنگارام کی رہائش گاہ کی تزئین و آرائش کی جائے گی اور گنگارام کی رہائش گاہ کو میوزیم بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ گنگا رام نے بلا رنگ و نسل انسانیت کی خدمت کیلئے اپنی زندگی وقف کی،دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والوں کو دنیا کبھی نہیں بھولتی،گنگا رام آج بھی دلوں میں زندہ ہیں۔
وزیراعلی چودھری پرویز الہی نے کہا کہ میں نے اپنے سابق دور میں گنگارام ہسپتال میں 200بستروں پر مشتمل نیا ایمرجنسی بلاک بنایا اور اب اس ہسپتال میں مدر اینڈ چائلڈ بلاک کے پہلے فیز کا افتتاح کردیاہے،پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کی تمام ایمرجنسیز میں ادویات مفت مل رہی ہیں، ہیلتھ کارڈ کے ذریعے پنجاب کا ہر شہری سالانہ 10لاکھ روپے تک فری علاج کرا سکتا ہے،جدید ٹیکنالوجی سائبر نائف کے ذریعے کینسر کے علاج کو بھی ہیلتھ کارڈ میں شامل کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہیلتھ کارڈ کے ذریعے فری علاج کی سہولت پر سالانہ 125ارب روپے مختص کئے ہیں۔
کیشا رام ہنسڈالے نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے گنگارام ہسپتال کا دورہ کیا،مریضوں کو مفت ادویات بھی مل رہی ہیں او ربہترین علاج بھی۔ گنگارام ہسپتال میں مدر اینڈ چائلڈ بلاک کو دیکھ کر دلی خوشی ہوئی ہے۔وزیراعلی کا شعبہ صحت میں عام آدمی کی سہولت کے لئے حقیقی معنو ں میں کام نظر آتا ہے۔انہوں نے گنگارام کے گھر کی تزئین وآرائش کے اعلان پر چودھری پرویزالہی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ کایہ کام میں کبھی بھلا نہیں سکتی۔
صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر یاسمین راشد،چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل، سابق وفاقی سیکرٹری و چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ سلمان غنی،سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی جی ایم سکندر،وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل کالج یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل، پرووائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل کالج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شمسہ ہمایوں، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن،سیکرٹری پنجاب اسمبلی، چیف آپریٹنگ آفیسر فیروز سنز لیبز عثمان خالد وحید، عامر ظفر، سکندر زمان اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔











