وکلا برادری نے ہمیشہ جمہوریت اورآئین کی بالا دستی کیلئے ہراول دستے کاکردارادا کیا ہے، چودھری پرویز الہی

30

لاہور۔15نومبر  (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی سے منگل کے روز یہاں وزیراعلی آفس میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عابد زبیری کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔وفد میں لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر ارشد جہانگیر جھوجہ،سابق سیکرٹری سپریم کورٹ بار محمد آصف چیمہ،میاں محمد منیر ایڈووکیٹ اورمیاں اسد منیر شامل تھے۔صوبائی مشیرعامر سعید راں اورسابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی جی ایم سکندر بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالہی نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں کامیابی پر صدر عابد زبیری کو مبارکباددی اوران کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔وزیراعلی پنجاب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وکلا برادری کی فلاح وبہبود کیلئے سابقہ دور میں بھی ٹھوس اقدامات کئے اوراب بھی کریں گے۔وکلا اور ان کے اہل خانہ کیلئے مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ وکلا اور ان کی فیملیز کو گزیٹڈ افسروں کے برابر فری میڈیکل کی سہولت دیں گے۔وکلا برادری کی فلاح وبہبود کو ہمیشہ مقدم رکھا ہے۔ وکلا برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔میرے دروازے آپ کیلئے ہمہ وقت کھلے ہیں۔وکلا برادری نے ہمیشہ جمہوریت اورآئین کی بالا دستی کیلئے ہراول دستے کاکردارادا کیا ہے۔قانون اور انصاف کی عملداری یقینی بنانے کیلئے وکلا برادری کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشی و سماجی انصاف کسی بھی معاشرے کی ترقی کیلئے ضروری ہے۔پاکستان کو آگے لے کر جانا تو قانون و انصاف کی عملداری یقینی بنانی ہو گی۔عام آدمی کو انصاف دلانے کیلئے وکلا برادری کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا۔عابد زبیری کے سپریم کورٹ بار کا صدر منتخب ہونے پر دلی خوشی ہوئی ہے۔ امید ہے کہ عابدزبیری وکلا برادری کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عابد زبیری منجھے ہوئے وکیل ہیں اور وکلا برادری کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔عابد زبیری کے سپورٹرز وکلا کا بھی دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدرعابد زبیری نے کہا کہ وکلا برادری وزیراعلی چودھری پرویزالہی کی عوامی خدمات کی معترف ہے۔آپ نے ہمیں ہمیشہ سپورٹ کیا ہے،جس پر آپ کے شکر گزار ہیں۔لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر جہانگیر جھوجہ نے کہا کہ سابق دور کے آپ کے کام آج بھی لوگ یاد کرتے ہیں۔مختصر مدتمیں آپ نے عوامی فلاح کے بے پناہ کام کئے ہیں۔