کوئٹہ،08نومبر(اے پی پی): صوبائی مشیر داخلہ بلوچستان میر ضیا ءاللہ لانگو نے کہا ہے کہ کچھ عناصر بیرونی قوتوں کی ایما پر سوشل میڈیا پر فورسز اور حکومت کو بدنام کرنے کی مہم چلا رہے ہیں، بولان سے لاپتہ ہونے والی خواتین کی کہانی کا کسی ادارے کو علم نہیں انکے لاپتہ ہونے اور منظر عام پر آنے کا بلوچستان نیشنل پارٹی سے پوچھا جائے ،سردار اختر مینگل اپنے سیاسی مفادات کیلئے عوام کو استعمال نہ کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی آئی جی کوئٹہ پولیس اظفر مہیسر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی مشیر داخلہ بلوچستان میر ضیا ءاللہ لانگو نے کہاکہ کچھ روز سے سوشل میڈیا پر فورسز اور اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے، بلوچستان میں خواتین کا مکمل احترام ہے اور دہشتگردی میں ملوث تنظیم نے تاثر دیا کہ بولان سے خواتین کواغوا کیاگیا ہے حالانکہ بولان میں ایک مقدمے میں خواتین کو متاثرہ خاندان کی جانب سے نامزد کرنے کے بعد حراست میں لیا گیا تھا اسکے علاوہ خواتین کو اغوا یا لاپتہ کرنے کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔انہوں نے کہا کہ خواتین کا نام قتل کے مقدمے میں تھا ، پولیس نے کسی کو بلاوجہ حراست میں نہیں لیا، کسی کو بے گناہ بالخصوص عورتوں کو حراست میں نہیں لیا گیا۔
صوبائی مشیر داخلہ بلوچستان میر ضیا ءاللہ لانگو نے کہاکہ بی این پی کی جانب سے بولان واقعے کو غلط رنگ دیا جارہا ہے، مقدمے میں نامزد خواتین کو ضمانت ہونے کے بعد رہا کردیاگیا ہے، بولان کے علاقے سے لاپتہ ہونے والی خواتین کے دوسرے واقعےکا کسی کو پتہ نہیں ان کو کون منظر عام پر لایا۔انہوں نے کہا کہ ہرنائی کے علاقے میں آپریشن میں دس دہشگرد مارے گئے تھے، بولان سے خواتین کو لاپتہ کرنے اور بازیابی کی تحقیقات کی جارہی ہیں،منفی پروپیگنڈہ بیرون ملک سے کیا جارہا ہے،ملک دشمن سرگرمیوں پھیلانے والوں کے خلاف ایف آئی اے تحقیقات کررہی ہے۔
صوبائی مشیر داخلہ بلوچستان میر ضیا ءاللہ لانگو نے کہاکہ حکومت دہشتگردی کرنے والوں سے کوئی مذاکرات نہیں کرے گی اور مذاکرات صرف پرامن رہنے والے محب وطن لوگوں سے ہونگے، سردار اختر مینگل اداروں اور فورسز کی خالف مہم چلانے سے باز رہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کے حالات کا بلوچستان پر اثر پڑتا ہے، افغانستان میں طالبان کے آنے کے بعد دہشتگرد فرار ہوکر بلوچستان آچکے ہیں، بدامنی پھیلانے والوں کے خلاف حکومت آئی ہوئی ہے۔
صوبائی مشیر داخلہ بلوچستان میر ضیا ءاللہ لانگو نے کہاکہ اعظم سواتی کی رہائش کے معاملے کو انکے بیان کی روشنی میں دیکھا جارہا ہے، اعظم سواتی بائیس اگست کو کوئٹہ آئے تھے زبانی باتیں نہیں کرتا خود تحقیقات کروں گا۔











