آرمی پبلک سکول کے شہداء کی لازوال قربانیوں کو پوری پاکستانی قوم سلام پیش کرتی ہے؛ میاں جاوید لطیف

22

شیخوپورہ،16 دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کی لازوال قربانیوں کو پوری پاکستانی قوم سلام پیش کرتی ہے،  شہدا اے پی ایس نے پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کیا ۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیخوپورہ میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہں نے کہا کہ  16دسمبر پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ ترین دن ہے  جب دہشت گردوں نے اے پی ایس پر حملہ کر کے بچوں پر بے دریغ گولیاں چلائیں ،  اس کی جتنی بھی مذمت کریں کم ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس واقعہ نے پوری پاکستانی قوم کو سکتے میں ڈال دیا ، سولہ دسمبر کا دن آرمی پبلک سکول کے شہداء کی عظیم قربانیوں کی یاد ہمیشہ تازہ کرتارہے گا۔

وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا کہ نواز شریف نے نہ صرف پاکستان کے اندر سے دہشت گردوں کا صفایا کیا بلکہ ہمارے سابقہ دور حکومت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن تھا بلکہ معیشت بلندیوں کی طرف رواں دواں تھی ، ہر پاکستانی خوشحال زندگی گزار رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ پھر 2018 میں عمران خان کی شکل میں ایک نالائق کو حکومت دے دی گئی۔اس کی نالائقی نے ملک کا بیڑا غرق کر کے رکھ دیا اور ملک کا دیوالیہ نکال دیا ۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے جس طرح نوجوان نسل کو اور پاکستانی قوم کو سبز باغ دکھا کر اور مذہب کے نام پر گمراہ کیا ہے یہ سزا کا مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن سے بھاگنے والے نہیں لیکن جس طرح عمران خان نے توشہ خانہ فارن فنڈنگ ، بی آر ٹی کے علاوہ اربوں روپے کی کرپشن کی ہے ، پہلے عمران خان کی یہ کرپشن عوام کے سامنے لانا لازمی ہے تاکہ عمران خان کا مکار چہرہ عوام کے سامنے لایا جائے ۔

وفاقی وزیر نے کہا عمران خان نے اقتدار حاصل کرنے کی خاطر ملک میں انار کی پھیلا رکھی ہے ، اس کا یہ ملک دشمن ایجنڈا کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔