لاہور،31دسمبر (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے اوورسیز پاکستانیز چیف کوآرڈینیٹر پاکستان مسلم لیگ(ن)برطانیہ بیرسٹر امجد ملک کی قیادت میں پانچ رکنی وفد نے ہفتہ کو یہاں گورنر ہائوس میں خصوصی ملاقات کی ہے ۔ ملاقات میں پاکستان کی تجارت کے فروغ اور امپورٹ ایکسپورٹ کو بڑھانے،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے پارلیمنٹ میں مخصوص نشستوں اورانٹرنیشنل کانفرنس کے جلد انعقاد کےقیام کے بارے میں گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ترسیلات کے ذریعے ملک کی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)نے اوورسیز تاجر برادری کو ہمیشہ اہمیت دی ہے اور ان کے مسائل حل کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زیادہ مسائل اور کم وسائل کے باوجود ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے پرعزم ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور ان کی پوری اقتصادی ٹیم وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ہمراہ یکسوئی سے ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ان کی تجربہ کار ٹیم نے ماضی میں بھی ملک کو معاشی بحران سے نکالا تھا اور ایک بار پھر ہم سرخرو ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت قوم میں مایوسی پھیلانے کی بجائے امید دینے کی ضرورت ہے۔
ملاقات کے دوران اوورسیز پاکستانیز چیف کوآرڈینیٹر بیرسٹر امجد ملک نے گورنر پنجاب کو پاکستان مسلم لیگ (ن)اوورسیز پاکستانیوں کی ورلڈ وائڈ تنظیم سازی کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہماری ایکسپورٹ کوالٹی اشیا کو پوری دنیا میں بہترین کوالٹی کی وجہ سے کئی ایوارڈز سے نوازا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی تاجروں کی طرف سے پاکستانی چاول، آم، کنو اور دوسری مصنوعات کو برآمد کر کے معیشت پر اچھے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانی تاجروں نے ہمیشہ کوالٹی کو ترجیح دی ہے اسی وجہ سے پاکستانی مصنوعات کو پوری دنیا میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے جس کی ایک مثال فیفا فٹ بال ورلڈ کپ میں استعمال ہونے والی پاکستان میں تیار کردہ فٹ بال اور دیگر مصنوعات ہیں۔











