اسلام آباد،23 دسمبر (اے پی پی): وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بین الاقوامی معیار کی رہائشی سہولتیں فراہم کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے عالمی معیار کی حامل رہائشی سہولتیں تعمیر کرنے کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام نے اس حوالے سے وزیر اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا انتہائی قابل قدر اثاثہ ہیں۔ ان کی فلاح و بہبود اور حقوق کا تحفظ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے وفاقی دارالحکومت میں جدید سہولیات سے آراستہ ہاؤسنگ یونٹس تعمیر کیے جائیں اس ضمن میں عالمی شہرت کی حامل تعمیراتی کمپنیوں کی خدمات حاصل کی جائیں۔ وزیر اعظم نےہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ان ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلدمکمل کیا جائے۔
اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سابق ارکان قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، انجم عقیل، چئیرمین سی ڈی اے کیپٹن (ر) محمد عثمان یونس اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔











