رحمٰن فاؤنڈیشن ڈائیلسز کے مریضوں کو مفت علاج معالجے کی سہولیات فراہم کر رہی ہے؛ میاں الفت رسول جوئیہ

89

سیالکوٹ،17دسمبر(اے پی پی):رحمٰن فاؤنڈیشن کے مینجنگ ڈائریکٹر میاں الفت رسول جوئیہ نے کہا ہے کہ  رحمٰن فاؤنڈیشن ڈائیلسز کے مریضوں کو مفت علاج معالجے کی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

ہفتہ کو یہاں  پاکستان سپورٹس گڈز ایسوسی ایشن کے ہال میں منعقدہ ایک تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ان نادار، غریب اور مستحق لوگوں کے لیے میدان عمل میں موجود ہیں جن کا کوئی پرسان حال نہیں ہوتا، ہم نے آج سے 19سال قبل جب اس رحمٰن فاؤنڈیشن کی بنیاد رکھی تو اس وقت ہمار ے پاس صرف تین مشینیں تھیں لیکن آج اللہ تعالی کے فضل سے ہم 70مشینوں کے ساتھ پاکستان کے 8بڑے شہروں میں 150سے زائد ڈائیلسز کے مریضوں کا مفت علاج کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کے جن شہروں میں ہماری رحمٰن فاؤنڈیشن کام کر رہی ہے ان میں لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد، پینسرہ، سرائے عالمگیر، جہلم، اسلام آباد اور کراچی شامل ہیں۔

میاں الفت رسول جوئیہ نے بتایاکہ لاہور میں ہمارے ادارے رحمٰن فاؤنڈیشن میں گردوں سے متعلقہ تمام ٹیسٹس بھی مفت کیے جا رہے ہیں اور اب جنوری 2023ء سے رحمٰن فاؤنڈیشن سیالکوٹ میں بھی گردوں سے متعلقہ تمام ٹیسٹس بالکل مفت ہوں گے۔

تقریب میں چئیرمین پاکستان سپورٹس گڈزایسوسی ایشن ارشد لطیف بٹ، نوازش گل لودھی،سابق صدر سیالکوٹ بار شاہد میر ایڈووکیٹ، مینجنگ ڈائریکٹر ایم بی سپورٹس ملک ذوالفقار، عبدالشکور مرزا، مرزا آصف بیگ ایڈمن اینڈ پرموشن مینجر  رحمٰن فائونڈیشن سیالکوٹ سمیت مقامی علمائے کرام اور دیگر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے واالے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔