ریکوڈک کا تاریخی معاہدہ  ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کا سب سے بڑا معاہدہ ہے جس کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی ؛ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو

26

کوئٹہ،17دسمبر(اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ اگر نیت صاف ہو تو اللہ تعالی بھی  مدد کرتا ہے،ہمیں نان ایشوز پر سیاست کرنے کے بجائے ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے کام کرنا چاہیے، ریکوڈک کا تاریخی معاہدہ  ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کا سب سے بڑا معاہدہ ہے جس کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی، ریکوڈک منصوبے میں بلوچستان کے مفادات کا تحفظ احسن انداز سے کیا ہے اور بغیر کسی سرمایہ کاری منصوبے میں صوبے کے 25 فیصد شیئرز کو یقینی بنایا ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے دسویں  نیشنل ورکشاپ بلوچستان کی  اختتامی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ مائینگ سیکٹر بلوچستان کا مستقبل ہے اور ہم نے ریکوڈک کا تاریخی معاہدہ کیا جس میں دنیا کی بڑی مائینگ کمپنی بیرک گولڈ سرمایہ کاری کر رہی ہے جس  سے صوبے کو ابتدائی طور پر رائلٹی کی مد میں سالانہ 300 ارب روپے ملینگے، سی ایس آر اسکے علاوہ ہے، اس سے صوبہ معاشی طور پر خودکفیل ہوگا۔

 وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ ریکوڈک معاہدے میں بلوچستان کے 25 فیصد شیئرز ہیں جبکہ اس منصوبے سے 8000 سے 12000 تک ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے ہم نے کسی بھی صوبائی ٹیکس کی چھوٹ نہیں دی ہے ،ہمارا 15 فیصد حصہ بھی وفاق نے خرید کر دیا ہے جبکہ وفاق نے اپنے 25 فیصد شیئرز خریدے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے میں سابق وزیراعظم  عمران خان سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کی بھرپور سپورٹ تھی اور موجودہ وزیر اعظم  محمد شہباز شریف کا مکمل تعاون حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پر پاکستان آرمی کا ذکر کرنا بھی ضروری ہے جنہوں نے  ریکوڈک معاہدہ کو عملی شکل دینے میں بھرپور کردار ادا کیا۔

     وزیراعلیٰ نے کہا کہ میڈیا میں اس معاہدے کے حوالے سے غلط تاثر کو فروغ دینا صحیح نہیں ہے، صوبائی اسمبلی کی قرارداد کو متنازعہ بنانے سے غلط پیغام جائیگا،  گوگل سمیت دیگر ذرائع سے صحیح معلومات حاصل ہو سکتی ہیں، ہم نے آئین اور قانون کے تحت وفاق کو وقتی طور پر اختیار دیا اور جب چا ہیں اختیار واپس لے سکتے ہیں، اس وقت اختیار دینا ناگزیر تھا ورنہ بہت سی پیچیدگیاں پیدا ہوتی۔

انہوں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ  سب کو اس ورکشاپ سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا اور آپ سب یہاں سے بلوچستان کے سفیر کے طور پر جائینگے اور صوبے کے مثبت عکس کو بھرپور انداز سے اجاگر کرینگے ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ نے ورکشاپ کے شرکاء کو سرٹیفکیٹ بھی دیئے۔