ٹنڈو محمد خان،28 دسمبر(اے پی پی): ڈویژنل کمشنر بلال احمد میمن نے کہا ہے کہ ضلع ٹنڈومحمدخان میں صحت ، تعلیم ، انفراسٹرکچر سمیت جاری ترقیاتی کاموں پر سنجیدگی سے کام کرنے کی ضرورت ہے، کسی بھی علاقے کوجدیدو ترقی یافتہ بنانے کے لیے شہروں کے ساتھ ساتھ دہی علاقوں میں بھی بنیادی سہولیات کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں کی اشد ضرورت ہے، جس کے لیے ہمی سب کو مل کر دن رات محنت کی اشد ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی افسران سے ڈی سی کامپلیکس ہال میں تعارفی اجلاس کے موقع پر کیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ٹنڈومحمدخان یاسر بھٹی نے بریفنگ دیتے ہوئے دوسرے مرحلے کے الیکشن کی تیاریاں، سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی، ضلع بھر سے برساتی پانی کی نکاسی ، صحت ، تعلیم ، ترقیاتی منصوبوں سمیت دیگر کاموں کے متعلق آگاہی فراہم کی۔
کمشنر حیدرآباد نے کہا کہ لوکل باڈیز الیکشن کو صاف و شفاف طریقے سے انجام دینے کے لیے ضلعی انتظامیہ اپنے تمام تر وسائل بروئے کار کام لائیں۔ انہوں نے آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے متعلق بات کرتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ تجارتی علاقوں میں سستے آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
قبل ازیں ڈویژنل کمشنر نے ڈی سی کمپلیکس ہال کے احاطے میں پودا بھی لگایا,بعدازاں ڈویژنل کمشنر حیدرآباد نے این آئی سی وی ڈی اسپتال کا بھی دورہ کیا ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون انور علی میمن ، ایڈیشنل کمشنر 2 ذوالفقار نظامانی ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر لچھمن داس ، ایم ایس سول اسپتال ڈاکٹر جاوید میمن ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سید علی اکبر شاہ ، عبدالوہاب نظامانی ، ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نعیم احمد میمن، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک عبدالقدوس میمن ، ڈی ایس پی محمدخان زنئور ، ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات کلثوم بلوچ سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔











