قومی اسمبلی نے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل، فیڈرل ایمپلائز بینوولنٹ فنڈ اینڈ گروپ انشورنس ترمیمی بل کی منظوری دیدی

31

اسلام آباد،22دسمبر  (اے پی پی):قومی اسمبلی نے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2022 اور فیڈرل ایمپلائز بینوولنٹ فنڈ اینڈ گروپ انشورنس ترمیمی بل 2022 کی منظوری دے دی ہے۔

جمعرات کوقومی اسمبلی کے اجلاس میں اس حوالہ سے پارلیمانی سیکرٹری شہادت اعوان نے بل متعارف کرنے کی اجازت مانگی، اجازت مانگنے پرانہوں  نےبل ایوان میں پیش کیا، ایوان نے بل کی شق وار منظوری دیدی۔قبل ازیں بل پربحث میں حصہ لیتے ہوئے  انجینئر صابرحسین قائم خانی نے کہاکہ آئین کے مطابق مضبوط لوکل گورنمنٹ کی بات کی گئی ہے، بل خوش آئند ہے اوراس کی حمایت کرتے ہیں، پورے ملک میں یہ عمل دوبارہ ہونا چاہئے، عام آدمی کافائدہ لوکل گورنمنٹ میں ہے۔ انہوں نے کہاکہ یوسیز کوآبادی کے لحاظ سے بڑھایاگیا ہے، ہمارامطالبہ ہے کہ یہ عمل سندھ میں بھی ہونا چاہئیے۔ آبادی کوصحیح طریقے سے تناسب میں لانا چاہئے، کراچی، حیدرآباد سمیت شہری اوردیہی سندھ میں یہ طریقہ کار لاگوکیا جائے تاکہ ہم لوگوں کی خدمات کرسکیں، اس ہاوس سے تجویز ہونی چاہئے کہ پورے میں حلقہ بندیاں ہوں۔

 وزیرپارلیمانی امورمرتضیٰ جاوید عباسی نے بحث سمیٹے ہوئے کہاکہ 2017 کی مردم   شماری  کے مطابق حلقہ بندیاں ہوئی اب آبادی بڑھ گئی ہے، اس حوالہ سے لوگوں کی شکایات آرہی تھی، الیکشن ملتوی نہیں کیا جارہا بلکہ برابری کی بنیاد پر حلقہ بندیوں کیلئے ایڈمنسٹریٹر نے لکھا تھا اور اس کے مطابق حدبندیاں ہورہی ہے۔

قومی اسمبلی نے فیڈرل ایمپلائز بینوولنٹ فنڈ اینڈ گروپ انشورنس ترمیمی بل 2022 کی بھی  منظوری دی۔ ملک شہادت اعوان نے بل ایوان میں پیش کرنے کی تحریک پیش کی، اجازت ملنے پرانہوں نے بل ایوان میں پیش کردیا جس کی ایوان نے شق وار منظوری دیدی۔

  جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں دو بلوں کی منظوری دی گئی جبکہ ایک توجہ مبذول نوٹس کو بھی نمٹایا گیا۔ بعدازاں سپیکر راجہ پرویز اشرف نے ایوان کی کارروائی غیرمعینہ مدت تک ملتوی کرنے کا صدارتی فرمان پڑھ کر سنایا۔