وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ریونیو ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن اور کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ کی دستیابی کے منصوبے کا   افتتاح کردیا

58

کوئٹہ،22دسمبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ریونیو ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن اور کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ کی دستیابی کے منصوبے کا افتتاح کردیا ۔افتتاحی تقریب میں صوبائی وزراء،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو روشن علی شیخ اور کمشنر کوئٹہ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

 اس موقع پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو روشن علی شیخ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کے تحت ابتدائی طور پر بلوچستان لینڈ ریونیو انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے گوادر اور پشین میں مرکز سہولیات کا قیام عمل میں لایا گیا ہے،منصوبے کے تحت زمینوں کے مینول ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ میں تبدیل کر دیا گیا ہے اور مرکز سہولیات میں کمپیوٹرائزڈ فرد کا اجراء،رجسٹری کے اندراج، فوری کمپیوٹرائزڈ انتقالات کا اجراء، ڈیجیٹلائزڈ زمینی نقشہ مساوی کا فوری حصول اور عوامی شکایات کے اندراج کے لیے پورٹل بھی میسر ہوگا جبکہ  اگلے مرحلے میں جعفر آباد اور کوئٹہ کی لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کی جائے گی اور  عوام کو مرکز سہولیات کی چھت کے نیچے ون ونڈو آپریشن کے تحت اراضیات کے انتقال سمیت ہر سہولت میسر ہوگی عوام پٹواری، تحصیلدار اور ریونیو آفیسر کی بجائے براہ راست مرکز سہولیات جا سکتے ہیں اور  فرد کے جدید نظام سے سروس ڈیلیوری بہتر ہوگی۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن اور محکمہ ریونیو کی بہترین کارکردگی  کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے اور ہمیں اب مینول سسٹم سے نکلنا چاہیے اور  صوبے کے دیگر اضلاع میں  بھی لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

 وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس نظام کے ذریعہ سہولت اور شفافیت یقینی ہے، یہ منصوبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں پیشہ ورانہ مہارت کے لیے نئے رجحانات کو متعارف کروا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ گورننس کی بہتری،لینڈ مارکیٹ کے موثر انتظام اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کا باعث بنے گا، لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم محکمہ ریونیو میں جدت سے محکمہ ترقی کی منزل کی جانب اپنے سفر پر گامزن رہے گا۔