ہنگو،7دسمبر (اے پی پی):وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے ضلع ہنگو کا دورہ کیا اور یہاں متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔وزیر اعلی نے ہنگو میں 15کروڑ 44 لاکھ روپے لاگت سے قائم سول ہسپتال دو آبہ کا افتتاح کیا۔منصوبے میں ڈینٹل، ڈائیگناسٹک، او پی ڈی اور ایمرجنسی بلاک سمیت واٹر سپلائی لائن شامل ہیں۔اس موقع پروزیر اعلی نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے بھر میں یکساں صحت سہولیات کی فراہمی پر کام کر رہی ہے۔
وزیر اعلی محمود خان نے 33 کروڑ روپے لاگت سے مکمل ہونے والی ڈسٹرکٹ جیل ہنگو کا افتتاح بھی کیا ۔انہوں نے ہنگو اور تحصیل ٹل میں قائم دو ریسکیو 1122 سروسز کا بھی افتتاح کیا۔
اس موقع پرسابق وفاقی وزیر داخلہ شہریار آفریدی بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ صوبائی مشیر اوقاف ایم پی اے ظہور شاکر، ایم پی اے شاہ فیصل خان، ایم این اے ندیم خیال نے ہنگو پہنچنے پر وزیر اعلی کا استقبال کیا۔











