اسلام آباد۔20دسمبر (اے پی پی):پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس نے پاکستان نرسنگ کونسل (ترمیمی) بل 2022 کی منظوری دے دی۔ منگل کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قومی صحت و خدمات عبدالقادر پٹیل نے تحریک پیش کی کہ قومی اسمبلی کی جانب سے منظور کردہ اور سینیٹ کی جانب سے 90 دنوں کے اندر منظور نہ کیا گیا پاکستان نرسنگ کونسل (ترمیمی) بل 2022ء فی الفور زیر غور لایا جائے۔ ایوان سے تحریک کی منظوری کے بعد سپیکر نے بل کی شق وار منظوری حاصل کی۔ بل کی بعض شقوں میں ڈاکٹر ثمینہ مطلوب اور زہرہ ودود فاطمی نے ترامیم پیش کیں جن کی وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے مخالفت کی، اس بناء پر ان کی پیش کردہ ترامیم مسترد کردی گئیں۔ بل کی تمام شقوں کی منظوری کے بعد وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے تحریک پیش کی کہ پاکستان نرسنگ کونسل (ترمیمی) بل 2022ء منظور کیا جائے۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس نے بل کی منظوری دے دی۔











