مری ، 23 دسمبر (اے پی پی ): پاکستان میں امریکی سفارتکاروں کے وفد نے نائب سفیراینڈریو جیمز شوفر کی سربراہی میں کوہسار یونیورسٹی مری کا دورہ کیا ۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حبیب بخاری نے وفد کو یونیورسٹی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔وفد نے کوہسار یونیورسٹی مری کے جھیکا گلی اور جی پی او کیمپس کا دورہ کیا اور فیکلٹی سے ملاقات کی۔
وفد نے کوہسار یونیورسٹی مری کی سٹیم لیب، کمپیوٹر لیب، مائیکروبیالوجی لیب، بائیوٹیکنالوجی لیب، ہنی بی لیب کا دورہ بھی کیا اور وائس چانسلر اور فیکلٹی کی خدمات کو سراہا۔
اس موقع پر اینڈریو جیمز شوفر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکن ایمبیسی پاکستان میں تعلیم، ثقافت اور فنی مہارت پر کام کر رہی ہے جبکہ اس موقع پر پاکستان اور امریکہ کے تعلیمی اداروں کے مابین باہمی اشتراک و تعاون پر بات چیت اور عورتوں کی فلاح وبہبود ،سٹوڈنٹ ایکسچینج پروگرام اور پاکستانی طلباء وطالبات کی امریکہ کی صف اول کی یونیورسٹیوں میں داخلے کیلیے حوصلہ افزائی بھی کی۔
وائس چانسلر نے معزز سفیر اور ایمبیسی کی سنئیر منیجمنٹ کو شیلڈز پیش کیں اور ان کاشکریہ ادا کیا۔۔
دورہ کے دوران رجسٹرار کوہسار یونیورسٹی مری ڈاکٹر محسن اقبال سنئیر فکیلٹی اور طلباء وطالبات موجود تھے۔











