رجب المرجب1444ھ کا چانددیکھنے کیلئے مرکزی ریت ہلال کمیٹی کا اجلاس ، چاند نظرنہیں آیا یکم رجب المرجب منگل کو ہوگی

37

اسلام آباد۔22جنوری  (اے پی پی):ماہ رجب المرجب1444ھ کا چانددیکھنے کیلئے چیئر مین مرکزی ریت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت زونل رویت ہلال کمیٹی اسلام آباد کا اجلاس دفتر وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی حکومت پاکستان کوہسار کمپلیکس پاک سیکرٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہوا، اجلاس میں رابطہ کے فرائض ڈائریکٹر جنرل وزارت مذہبی امور سے سید مشاہد حسین خالد نے سرانجام دیئے جبکہ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے زین العابدین، محکمہ سپارکوسے غلام مرتضی محکمہ موسمیات سے چیف محکمہ موسمیات ڈاکٹرسردار سرفراز ٹیلی فون کے ذریعے رابطے میں تھے۔اجلاس میں مرکزی و زونل روئیت ہلال کمیٹی اسلام آباد کے جو اراکین اور علما کرام شریک ہوئے جن میں مفتی ضمیر احمد ساجد، مفتی محمد اقبال نعیمی، سید مصطفی حیدر نقوی، مفتی عبد السلام جلالی، مولانا ابو بکر صدیق حنیف، محکمہ موسمیات سے راشد بلال و دیگرعلما کرام میں قاری عبدالباسط، مولانا عابد اسرار، پیرسید عمر فاروق شاہ، مفتی محمد اسلم ضیائی، مولانا بلال احمد گولڑوی، مجیب قاضی، ظفراقبال گوندل، عبداللہ تاج شامل تھے۔ اس کے علاوہ پاکستان بھر میں زونل روئیت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈ کوارٹرزلاہور،کوئٹہ، پشاور،کراچی میں منعقد ہوئے جس میں زونل روئیت ہلال کمیٹیوں کے ممبران، فنی ماہرین اور دیگر علما کرام نے شرکت کی۔ مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد چیئر مین مرکزی ریت ہلال کمیٹی پاکستان نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کے جنوبی حصہ میں مطلع صاف رہا اور شمالی حصہ میں مطلع ابر آلود رہا، پاکستان کے کسی بھی مقام سے ماہ رجب المرجب کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی اور عدم روئیت رہی، لہذا اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یکم رجب المرجب 1444ھ 24  جنوری2023 کل منگل کو ہوگی۔ اجلاس کے آخر میں عالم اسلام کے اتحاد،حرمین شریفین کے تحفظ، ملک پاکستان کی سلامتی و استحکام ترقی وخوشحالی، اتحادووحدت، مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی اور سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔