مختصر وقت میں شکایت کے ازالے سے عوام کا وفاقی محتسب کے ادارے پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے ،انچارج وفاقی محتسب ریجنل دفتر کوئٹہ

21

کوئٹہ۔26جنوری  (اے پی پی):وفاقی محتسب ریجنل دفتر کوئٹہ کے انچارج محمد سرور بروہی نے کہا ہے کہ وفاقی محتسب نے  آغاز سے اب  تک 19 لاکھ  شکایت کنندگان کو مفت اور بروقت انصاف فراہم کیا ہے، بلوچستان میں  وفاقی محتسب کے 98  فیصد کیسز کے فیصلوں پر عملدرآمد ہوا ہے، کیسکو ،سوئی گیس، پوسٹ آفس، ریلوے اور دیگر محکموں  نے وفاقی محتسب کے فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے فوکل پرسن مقرر کیے ہیں۔  ان خیالات کا اظہار انھوں نے   کوئٹہ میں وفاقی محتسب کے خدمت کے 40   سال مکمل ہونے پر  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کے مہمان خصوصی ممتاز دانشور و ادیب آغا نور گل تھے۔ اس موقع پر  سابق سیکرٹری اطلاعات بلوچستان سرور جاوید، چیئرمین براہوی اکیڈمی عبدالقیوم بیدار، ڈپٹی سیکرٹری محکمہ ترقی نسواں جہاں آرا تبسم، چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے ولی محمد نورزئی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی کے لیے وفاقی محتسب کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ غریب عوام کی مشکلات کی دادرسی عین عبادت ہے، مختصر وقت میں وفاقی محتسب کوئٹہ  دفتر کی عوامی شکایات کے ازالے کے لیے کاوشیں قابل ستائش ہیں۔محتسب کا ادارہ فوری اور مفت انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ادا کررہا ہےاور ایسے ادارے کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔وفاقی محتسب ریجنل دفتر کوئٹہ کے انچارج نے کہا کہ 60 دنوں کے مختصر وقت میں شکایت کے ازالے سے عوام  کا وفاقی محتسب کے ادارے پر اعتماد  میں  اضافہ ہوا ہے اور ایک سال کے اندر  وفاقی محتسب  دفتر  کوئٹہ میں 1100 سے زائد کیسز درج کیے گئے ہیں جبکہ بلوچستان کے دورافتادہ علاقوں میں شہریوں کے ازالے کے  لیے کھلی کچہریوں کے انعقاد اور دوروں کے لیے   چیف سیکرٹری بلوچستان اور ضلعی افسران  کے تعاون پر ان کے مشکور ہیں۔انھوں نے  کہا کہ وفاقی محتسب میں مسئلے  کے حل کے لیے کسی وکیل اور فیس کی ضرورت نہیں ہے بلکہ سادہ کاغذ پر شہری متعلقہ محکمے سے متعلق شکایت درج کرسکتا ہے۔