اوکاڑہ،05جنوری(اے پی پی ): چیئر مین ضلعی اوور سیز کمیٹی شاہین اختر کمیانہ نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن کا قیمتی سرمایاہیں ، پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور معاشی استحکام کے لئے اوور سیز پاکستانیوں کا کردار سب سے نمایاں رہا ہے،اوور سیز پاکستانیوں کو اپنے وطن میں کسی مشکل اور پریشانی کا سامنانہ کرنا پڑے جس کے لئے ہر ادارے کو موثر اقدامات کرنا ہے۔
ان خیالات کا اظہار چیئر مین ضلعی اوور سیز کمیٹی شاہین اختر کمیانہ نے ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر ریو نیو ظہیر لیاقت بیگ کے ہمراہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں بیرون ملک پاکستانیوں کی 15 درخواستیں زیر غور آئیں جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے 4 درخواستوں کو نمٹا دیا گیاجبکہ11درخواستوں پر متعلقہ محکموں کو فوری اقدامات کے لئے احکامات جاری کر دیئے گئے۔
چیئر مین ضلعی اوور سیز کمیٹی شاہین اخترکمیانہ اورایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر ریو نیو ظہیر لیاقت بیگ نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی زمین ، جائیداد سمیت دیگر معاملات کو میرٹ شفافیت سے مکمل کیا جائے ان کی درخواستوں کو ترجیحی بنیادوں پر زیر غور لاتے ہوئے جلد سے جلد نمٹا یا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی اپنے معاملات کے سلسلہ میں سرکاری اداروں تک رسائی میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر دورکر کے ان کے معاملات میرٹ پر حل کئے جائیں۔











