پاراچنار،29جنوری(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز ساجد طوری نے کہا ہے کہ چھ لاکھ پینسٹھ ہزار افراد کو روزگار کیلئے مختلف ممالک بھیجا جا چکا ہے جبکہ مزید دس لاکھ افرادکو بھی دوسرے ممالک میں روزگار کی غرض سے بھیجا جارہا ہے۔
گورنر کاٹیج پاراچنار میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز ،لیبر اور انسانی وسائل ساجد طوری نے کہا کہ مختلف ممالک کیساتھ ہنر اور باعزت روزگار کیلئے بات چیت کا سلسلہ جاری ہے اور کئی ممالک کیساتھ کامیاب بات چیت ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر ساجد طوری کا کہنا تھا کہ مختلف ممالک کے جیلوں سے سو قیدیوں کو رہا کرایا گیا ہےجبکہ مزید اکتیس سو قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے بھی بات چیت جاری ہے اور عرب امارات سے ڈیپورٹ کئے جانے والے افراد کے مسائل بھی حل کئے جارہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سنٹرل ایشیاء تک رسائی کیلئے خرلاچی اور غلام خان کے راستے معیاری سڑک کی تعمیر کیساتھ ریلوے ٹریک بچھائی جارہی ہے جس کیلئے ٹل میں حب بنایا جائے گا۔
ساجد طوری کا کہنا تھا کہ ضلع کرم کے علی زئی بگن اور ڈوگر میں نادرا آفس قائم کئے گئے ہیں جبکہ سمیر اور اپر کرم میں بھی نادرا کا مزید ایک مرکز قائم کیا جارہا ہے۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے ساجد طوری کا کہنا تھا کہ اب نقد رقومات کیساتھ طالب علموں کو وظائف بھی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے دئیے جائیں گے۔
تقریب میں ڈپٹی کمشنر کرم واصل خان خٹک ڈی پی او عبدالصمد خان کے علاؤہ ضلع بھر کے چیدہ چیدہ قبائلی عمائدین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر تحصیل چیئرمین علامہ مزمل حسین مولانا شاہ نواز مولانا منیر حسین اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔











