لاہور،6جنوری(اے پی پی):وزیراعلی چودھری پرویز الہی نے کہاکہ گجرات ضلع نہیں ڈویژن ہے،ہر لحاظ سے سنٹر آف ایکسیلینس بنائیں گے،کسی کو علاج یا تعلیم کے لئے باہر جانے کی ضرورت نہیں رہے گی،ڈاکٹر بھی باہر سے لائیں گے،گجرات میں 700بیڈ کا چلڈرن ہسپتال بنائیں گے۔
یونیورسٹی آف گجرات کے 7ویں کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بچوں کو تعلیم او رکتابیں مفت دے رہے ہیں،جنوبی پنجاب میں بچیوں کا وظیفہ 100فیصد بڑھا دیا ہے ،بچوں کیلئے سکولوں او رکالجوں میں ناظرہ او رترجمہ قرآن لازمی کردیا گیاہے۔انہوں نے کہاکہ کوئی غلط کام نہیں کررہے،کامیابی سے ہمکنارہوں گے،نئی جنریشن کی بنیاد دین پر رکھ رہے ہیں،دین کے حوالے سے کام کئے ہیں،ختم نبوتﷺ کے معاملے پر تاریخی کام ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو تعلیم، صحت او رعلاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کا مقصد فلاحی مملکت کے ٹارگٹ کا حصول ہے۔
وزیراعلی چودھری پرویز الہی نے کہا کہ گجرات ضلع نہیں ڈویژن ہے،ہر لحاظ سے سنٹر آف ایکسیلینس بنائیں گے،کسی کو علاج یا تعلیم کے لئے باہر جانے کی ضرورت نہیں رہے گی،ڈاکٹر بھی باہر سے لائیں گے،گجرات میں 700بیڈ کا چلڈرن ہسپتال بنائیں گے،کینسر کے علاج کے لئے سائبر نائف سے بہترسرجری کے آلات لائیں گے،گجرات میں ڈینٹل کالج الگ سے قائم ہوگا اورچودھری پرویزالہی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی وزیرآباد کو 200بیڈ سے 400بیڈ تک اپ گریڈ کریں گے۔انہوں نے مزیدبتایا کہ گجرات انڈسٹریل اسٹیٹ ون ونڈو آپریشن کے تحت 6ماہ تک شروع ہوجائے گی۔منڈی بہائوالدین، حافظ آباداور وزیرآباد میں بھی ترقیاتی منصوبے شروع کئے ہیں۔
وزیراعلی پرویزالہی نے کہاکہ گجرات یونیورسٹی میں 62فیصد طالبات ویمن ایمپاور منٹ کی بہترین مثال ہے،گجرات میں یونیورسٹی بننے سے ماحول بدل گیا، پڑھے لکھے بچوں نے لڑائی کا کلچر ختم کردیا،خوشی ہے کہ گجرات یونیورسٹی کی صورت میں جو پودا لگایا آج اس تن آور درخت کی چھاؤں میں سب بیٹھے ہیں۔
وزیراعلی پرویز الہی نے گجرات یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو سراہتے ہوئے کہاکہ پروفیسر ڈاکٹر شبر عتیق اور ان کی ٹیم بہترین کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم کے بغیر نہ کوئی ملک ترقی کرسکتا ہے نہ کوئی قوم بن سکتی ہے۔دعائیں رنگ لائیں اوراللہ تعالی کا دوبارہ خدمت کا موقع دیا۔حالات پیچیدہ نہیں پیچ دار تھے، اللہ تعالی نے موقع دیا۔گجرات کی سرزمین کو 2نشان حیدر کا اعزاز حاصل ہے۔
وزیراعلی نے اعلان کیاکہ 9 ارب روپے کی لاگت سے اسٹیٹ آف دی آرٹ انجینئرنگ یونیورسٹی بنے گی۔بچوں کو انجینئرنگ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد ملازمتیں بھی ملیں گی۔











