چنیوٹ،06 جنوری (اے پی پی ):انسپکٹر جنرل آف پولیس،پنجاب کے وژن کے مطابق لوگوں کے مسائل انکی دہلیز پر سننے اور انکے حل کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عمران احمد ملک نے تھانہ لنگرانہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔کھلی کچہری میں ڈی ایس پی سرکل بھوانہ محمد حیات سرگانہ،ایس ایچ او تھانہ لنگرانہ،ایس ایچ او تھانہ بھوانہ،تفتیشی افسران،صحافیوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ڈی پی او نے کھلی کچہری کے دوران پیش ہونے والے لوگوں کے مسائل سن کر متعلقہ افسران کو درخواستیں مارک کیں۔انہوں نے کھلی کچہری کے دوران پیش ہونے والے لوگوں کے مسائل سنے،انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔ڈی پی او نے متعلقہ افسران کو دادرسی یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے۔انہوں نے کمپلینٹ سیل افسران کو ہدایت کی کہ لوگوں کی دادرسی یقینی بناکردرخواستوں کی فالواپ رپورٹ پیش کی جائے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عمران احمد ملک نے کھلی کچہری کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع چنیوٹ میں امن و امان کا قیام،بروقت انصاف کی فراہمی،لوگوں کے جان و مال کی حفاظت میری اولین ترجیح ہے۔موٹرسائیکل چوری،مویشی چوری،سٹریٹ کرائم و دیگر کرائم کی روک تھام کیلئے موثر حکمت عملی سے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے،انشاء اللہ چنیوٹ کے عوام امن وامان کے حوالے سے بہتری دیکھیں گے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عمران احمد ملک نے کہا کہ کوئی بھی شہری کسی بھی مسئلے کی صورت میں بغیر کسی سفارش،پرچی کے مجھے مل سکتا ہے۔پولیس کلچرمیں تبدیلی،تھانہ جات میں پبلک سروس ڈلیوری میں مزید بہتری کیلئے تمام ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔
ڈی پی او نے کھلی کچہری میں شرکت کرنے والے افراد کا شکریہ ادا کیا اور انکے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی،انہوں نے کہا کہ لوگوں کے مسائل انکی دہلیز پر سننے کیلئے ہر سرکل میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔











