احمدپورشرقیہ، 23 فروری(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر بہاولپور ظہیر انور جپہ کی زیر قیادت نشہ آور ادویات کے نقصانات اور ان سے محفوظ رہنے کے بارے عوامی شعور اجاگر کرنے کے لئے آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر اہتمام شعبہ دماغی امراض و نفسیات و انسداد منشیات بہاول وکٹوریہ ہسپتال سے شروع ہونے والی اس آگاہی واک میں سماجی رہنما صابر فرحت،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئرمحمد عذیر،سوشل ویلفیئر آفیسرز، ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف،سماجی کارکنان،سول سوسائٹی اور میڈیا نمائندگان نےشرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور نے کہا نوجوان نسل کو نشہ آور ادویات سے محفوظ رکھنے کے لئے والدین اپنا کردار ادا کریں اور نوجوان نسل کو نشہ آور ادویات سے محفوظ رکھنے اور ان کے نقصانات بارے آگاہی کے لئے ماہر نفسیات تعلیمی اداروں میں جا کر لیکچرز کا اہتمام کریں اور کہا نشہ آور ادویات کے نقصانات بارے عوامی شعور اجاگر کرنے کے لئے محلہ کی سطح پر کمیٹیاں بھی قائم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ نشہ آور ادویات سے محفوظ رکھنے کے لئے والدین،محکمہ سوشل ویلفیئر، محکمہ صحت، محکمہ تعلیم اور دیگرتمام ادارے اپنا کردار ادا کریں عدم توجہی کے باعث بچے بے راہ روی کا شکار ہو جاتے ہیں اور کہا کہ نشہ آور ادویات کا شکار افراد کی بحالی کے لئے ان کی بہتر انداز میں کونسلنگ کی جائے۔
ماہر نفسیات پروفیسر ڈاکٹر نیاز مقصود نے کہا نشہ آور ادویات کا استعمال ذہنی صلاحیتوں کو بری طرح متاثر کرتا ہے۔
ایم ایس بی وی ایچ ڈاکٹر عامر محمود بخاری نے کہابہاول وکٹوریہ ہسپتال میں شعبہ دماغی امراض و نفسیات و انسداد منشیات قائم ہے جہاں منشیات کے عادی افراد کا علاج معالجہ اور بحالی کا کام کیا جا رہا ہے۔











