ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب ثاقب ظفر سے یونیسف کے وفد کی  ملاقات

13

ملتان، 61فروری(اے پی پی ): ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ  ثاقب ظفر سے  یونیسف ک وفد نے ملاقات کی۔وفد میں یونیسف کے نمائندے عبداللہ فادل ،یونیسف پنجاب کے چیف ولبراڈ گامبی،ایمرجنسی سپیشلسٹ طفیل خان اور پالیسی سپیشلسٹ نعمان غنی شامل تھے۔ملاقات میں جنوبی پنجاب کے اضلاع ڈیرہ غازیخان اور راجن پور کے سیلاب متاثرہ علاقوں  کی بحالی کے عمل پر گفتگو کی گئی۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ  ثاقب ظفر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈی جی خان اور راجن پور میں  رودکوہیوں سے انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا۔انہوں نے بتایا کہ حکومت سیلاب متاثرین اور انفراسٹرکچر کی بحالی پر اربوں روپے خرچ کررہی ہے اور گندم اور دیگر فصلوں کی بروقت کاشت ممکن بنانے کے لئے  نہری نظام کو ہنگامی بنیادوں پر بحال کردیا گیا ہے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے بتایا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں صحت کے مراکز اور سکولوں کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے ضلع راجن میں 500 سکولوں اور 16مراکز صحت کی عمارتیں کو شدید نقصان پہنچا۔انہوں نے مزید  بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی کے عمل کو مانیٹر کررہا ہے۔

کیپٹن ریٹائرڈ  ثاقب ظفر نے سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لئے معاونت پر یونیسف کو خراج تحسین کیا اور وفد کو یقین دلایا کہ جنوبی پنجاب میں  یونیسف کو ہر طرح کی سپورٹ فراہم کی جائے گی۔

یونیسف کے نمائندے عبداللہ فادل نے اس موقع پر بتایا کہ یونیسف نے جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرہ اضلاع میں کام کرنے کے لئے ملتان میں ہب قائم کردیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ یونیسف سیلاب سے متاثرہ سکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کے اجراء، ماں اور بچے کی صحت اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے شروع کررہا ہے۔انہوں نے ملتان میں قائم بڑے ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی دستیاب  سہولیات کی بھی  بھرپور  تعریف کی۔