ترکیہ اور شام میں زلزلہ متاثرین کی مدد ہمارا فرض ہے، ڈپٹی کمشنر بہاول نگر

14

بہاول نگر،15 فروری ( اے پی پی ): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بہاول نگر محمد یوسف چھینہ نے کہا کہ ترکیہ اور شام میں ہولناک زلزلے میں اموات کی تعداد بیس ہزار سے تجاوز کر چکی ہے اور اس المناک سانحہ کے نتیجے میں مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد ہمارا فرض ہے۔

یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بہاول نگر محمد یوسف چھینہ نے ڈی سی آفس میں ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران کہی۔

 ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام مخیر حضرات اور دردمند افراد ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے آگے آئیں اور وزیراعظم ریلیف فنڈ برائے متاثرین زلزلہ میں عطیات دیں اور ضلع بھر سے خشک خوراک ، کمبل اور ضرورت کی تمام اشیاء جمع کروائیں تاکہ زلزلہ متاثرین کو امداد بھجوائی جاسکے۔

 انہوں نے کہا کہ زلزلہ زدگان کو امداد اور ریلیف کی اشیاء کی اشد ضرورت ہے اور ہمیں دینی اور انسانی جذبے سے سرشار ہوکر زلزلہ متاثرین کی مدد کرنی ہے تاکہ وہ اس آفت کا ہمت اور حوصلے سے مقابلہ کرسکیں۔

اجلاس میں متعلقہ افسران ، انجمن تاجران اور صنعت و تجارت سے وابستہ افراد اور فلاحی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔