اٹک،05 فروری(اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر حضرو محمد سلیم راجہ کی ہدایات پر حضرو میں میونسپل کمیٹی کے زیر انتظام یومِ یکجہتی کشمیر بھر پور طریقے سے منایا گیا، ٹی ایم اے لان میں انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی جبکہ فوارہ چوک تک تحصیلدار حضرو چوہدری احسان الٰہی اور چیئرمین چھچھ محافظ کمیٹی نثار علی خان کی زیر قیادت میں ریلی نکالی گئی۔
اس موقع پر شرکاء نے کشمیر بنے گا پاکستان، بھارتی تسلط نامنظور، پاکستان زندہ باد اور بھارت مردہ باد کی نعرے بازی کی۔
چیئرمین چھچھ محافظ کمیٹی نثار علی خان اور دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت نے کشمیر پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے، مقبوضہ کشمیرکی صورتحال اگست 2019 کے بھارتی غیرقانونی اقدامات کے بعد بدترین رخ انسانی پامالی کی تاریخ رقم کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
مقررین نے مزید کہا کہ بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی اور حق خود ارادیت کے لیے کوشاں مظلوم اور بہادر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن ہے۔
ریلی میں چیف آفیسر حضرو ہینسن کرامت،جنرل سیکرٹری محافظ کمیٹی نصیر خان جدون، نائب صدر مولانا لیاقت علی شاہ، ترجمان عمران خان، ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا مسعود اختر ضیاء، سپریڈنٹ خواجہ ظہیر، نائب تحصیلدار حضرو نیاز حسین، صدر ایپکا اٹک یاسر خان علیزئی، صدر ایپکا ایم سی خالد میر، صدر تاجران ابرار حسین اور حضرو شہر کی سیاسی وسماجی اور سرکاری کاروباری شخصیات سمیت سول سوسائٹی نے بھرپور شرکت کی۔











