وہاڑی؛یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے سیمینار و ریلی کا انعقاد،شرکاء کی کشمیریوں کے حق میں نعرے بازی 

14

وہاڑی،05 فروری(اے پی پی):ملک بھر کی طرح ضلع وہاڑی میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ضلع کونسل ہال وہاڑی میں سیمینار اور بعدازاں ریلی کا انعقاد کیا گیا، ضلع کونسل وہاڑی میں قومی پرچم کے ساتھ ساتھ کشمیری پرچم بھی لہرایا گیا۔اس موقع پر قومی ترانہ اور کشمیری ترانہ بھی پیش کیا گیااور تقریب میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

مقررین نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد کشمیری بھائیوں کی آواز کو پوری دنیا تک پہنچانا اور اقوام متحدہ پر کشمیری بھائیوں کے حقوق کی خاطر اپنا جاندار کردار ادا کرنے کے لئے زور ڈالنا ہے تاکہ کشمیری بھائی بھارتی مظالم سے چھٹکارا حاصل کر کے آزاد زندگی گزار سکیں۔

بعدازاں اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی طارق محمود کی قیادت میں ضلع کونسل ہال وہاڑی سے وی چوک وہاڑی تک ریلی نکالی گئی۔

 ریلی اور سیمینار میں سرکاری اداروں کے ملازمین کے علاوہ سکول وکالج کے طلباء طالبات،سول سوسائٹی کے نمائندوں، علماء کرام، تاجر برادری سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا کر کشمیریوں کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔