زندگی میں نظم و ضبط کامیابی کی ضمانت ہے ،تعلیم و تربیت ہی کامیابی اور آگے بڑھنے کا راستہ ہے؛گورنر پنجاب

20

اوکاڑہ،17فروری (اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ  زندگی میں نظم و ضبط کامیابی کی ضمانت ہے ،تعلیم و تربیت ہی کامیابی اور آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں کیڈٹ کالج اوکاڑہ میں یوم والدین کی سالانہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کوکیڈٹس کے چاق وچوبند دستوں نےما رچ پاسٹ کے دوران گورنر پنجاب کو سلامی دی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمارا مقصد آ پ کو اقبال کا شاہین بنانا ہے ۔انہوں نے طلباء کو نصیحت کی کہ وہ ہار جیت سے مبرا ہوکر کوشش کریں اور اپنی منزل حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ والدین اور اساتذہ کسی بھی معاشرہ میں سب سے زیادہ قابل احترام لوگ ہیں ،ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کر نے کے بعد ان کا شکر ادا کر نا چاہیے ۔انہوں نے کہا  کہ قائد اعظم کے فرمان اتحاد ،ایمان اور تنظیم کو اپنا نصب العین بنائیں۔

تقریب میں پرنسپل کیڈٹ کالج اوکاڑہ عامر رؤف نے خطبہ استقبالیہ میں کیڈٹ کالج کے اساتذہ اور تربیتی سٹاف کی بہترین صلاحیتوں کا ذکر کیا اور گورنر پنجاب کی کیڈٹ کالج میں تشریف آوری کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب میں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف، ڈی پی او کیپٹن ریٹائرڈ منصور امان، سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل ساجد بیگ کے علاوہ والدین، سیاسی و سماجی حلقوں اور صحافیوں نے شرکت کی۔ گورنر پنجاب نے نماز جمعہ کیڈٹ کالج کی مسجد میں ادا کی۔