ضمنی مالیاتی بل  قومی اسمبلی میں پیش  کر دیا گیا،پی ٹی آئی دور میں عام آدمی کی آمدن میں کمی ہوئی؛اسحاق ڈار

11

اسلام آباد،15فروری(اے پی پی):ضمنی مالیاتی  بل 2023 قومی اسمبلی میں پیش  کر دیا گیا ہے  جبکہ وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات اسحاق ڈار نےکہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں مجموعی قومی  پیداوار میں 112 ارب ڈالرکے اضافہ کے مقابلہ میں سابق حکومت کی نااہلی کی وجہ سے  قومی  پیداوار  میں  صرف 26 ارب ڈالر کا اضافہ ہوسکا، پی ٹی آئی کی ناقص پالیسی کی وجہ سے معیشت کونقصان پہنچا، پی ٹی آئی دور میں عام آدمی کی آمدن میں کمی آئی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  بدھ کو قومی اسمبلی میں سپلیمنٹری فنانس بل پیش کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر خزانہ نے سپلیمنٹری فنانس بل پیش کرتے ہوئے کہا کہ بل پر معزز ایوان کو اعتماد میں لینا چاہتا ہوں۔اسحاق ڈار نے ایوان سے خطاب میں کہا کہ سابقہ حکومت کی نااہلی سے مجموعی قومی  پیداوار  میں 26 ارب ڈالر کا اضافہ ہوسکا۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی دور میں عام آدمی کی آمدن میں کمی آئی۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف دور میں مجموعی  قومی پیداوار میں 112 ارب ڈالرکا  اضافہ ہوا تھا، نواز شریف دور میں معیشت دنیا میں 24ویں نمبر پر آگئی تھی ، 2022 میں پاکستان دنیا کی 47ویں معیشت بن گیا،  پاکستان اسٹاک ایکسچینج جنوبی ایشیا میں پہلے نمبر پر تھی، مہنگائی میں اضافے کی شرح 2 فیصد تھی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ سازش کے ذریعے نواز شریف کی حکومت کو ہٹایا گیا۔نواز شریف دور میں پاکستان جی 20 ممالک میں شامل ہونے جارہا تھا۔وزیر خزانہ نے مطالبہ کیا کہ معاشی تنزلی کی وجوہات جاننے کیلئے قومی کمیشن بنایا جائے۔

 بعد ازاں  سپیکر راجہ پرویز اشرف نےقومی اسمبلی کا  اجلاس جمعہ کی صبح ساڑھے 10 بجے تک ملتوی کر دیا۔