چنیوٹ؛لوگوں کے مسائل انکی دہلیزپر سننے کیلئے تھانہ صدر میں کھلی کچہری  کا انعقاد

28

چنیوٹ،17 فروری(اے پی پی ): انسپکٹر جنرل آف پولیس،پنجاب  کے وژن کے مطابق لوگوں کے مسائل انکی دہلیز پر سننے اور انکے حل کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ وسیم ریاض خان نے تھانہ صدر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔کھلی کچہری میں ڈی ایس پی سرکل سٹی ناصر عباس،ایس ایچ اوز،تفتیشی افسران،صحافیوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ڈی پی او نے کھلی کچہری کے دوران پیش ہونے والے لوگوں کے مسائل سنے،انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرواتے ہوئے مسائل کے حل کیلئے فوری احکامات جاری کئے۔انہوں  نے متعلقہ افسران کو دادرسی یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے اور  کمپلینٹ سیل افسران کو ہدایت کی کہ لوگوں کی دادرسی یقینی بناکردرخواستوں کی فالواپ رپورٹ پیش کی جائے اور درخواست گزاروں سے فیڈ بیک لیا جائے۔

ڈی پی او نے کھلی کچہری کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ضلع چنیوٹ میں امن و امان کا قیام،بروقت انصاف کی فراہمی،لوگوں کے جان و مال کی حفاظت میری اولین ترجیح ہے۔موٹرسائیکل چوری،مویشی چوری،سٹریٹ کرائم و دیگر کرائم کی روک تھام کیلئے موثر حکمت عملی سے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں۔انشاء اللہ چنیوٹ کے عوام امن وا مان کے حوالے سے بہتری دیکھیں گے۔کوئی بھی شہری کسی بھی مسئلے کی صورت میں بغیر کسی سفارش،پرچی کے مجھے مل سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس افسران کو جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کیلئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں،پولیس کلچرمیں تبدیلی،تھانہ جات میں پبلک سروس ڈلیوری میں مزید بہتری کیلئے تمام ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔

ڈی پی او نے کھلی کچہری میں شرکت کرنے والے افراد کا شکریہ ادا کیا اور انکے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔ڈی انہوں  نے  کہا کہ لوگوں کے مسائل انکی دہلیز پر سننے کیلئے ہر سرکل میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔