آسٹریلوی ہائی کمیشن اور پی سی بی کیجانب سے سرینا ہوٹلز کے تعاون سے ساتویں اے ایچ سی پی سی بی گرلز کرکٹ کپ کا انعقاد

27

اسلام آباد،19مارچ  (اے پی پی):آسٹریلوی ہائی کمیشن اور پاکستان کرکٹ بورڈنے اتوار کو سرینا ہوٹلز کے تعاون سے ساتویں اے ایچ سی پی سی بی گرلز کرکٹ کپ کا انعقاد کیا۔

 پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے لڑکیوں اور اسکولوں کو ان کی شرکت پر مبارکباد دی اور سالانہ  اے ایچ سی پی سی بی گرلز کرکٹ کپ کے لیے پی سی بی اور سرینا ہوٹلز کی مسلسل حمایت کا خیرمقدم کیا۔انہوں نے کہاکہ آسٹریلوی ہائی کمیشن کھیل کے ذریعے صنفی مساوات کو فروغ دینے کے لیے مئی 2016 سے پاکستان میں لڑکیوں کی کرکٹ کو سپانسر کر رہا ہے، ہم نے اسلام آباد میں ایک سالانہ ٹورنامنٹ سے آغاز کیا لیکن اس کے بعد اسے لاہور اور کراچی تک توسیع دی گئی ہے،ہم کرکٹ کے لیے ایک جذبہ رکھتے ہیں،یہ صرف ایک گیم سے زیادہ نہیں ہے ، یہ سماجی تبدیلی کے لیے لوگوں سے لوگوں کو جوڑنے کا ایک طاقتورذریعہ ہے۔

 ہائی کمشنر نیل ہاکنز  نے کہا کہ گرلز کرکٹ کپ جیسے ایونٹس کو سپورٹ کرکے، ہم مساوات، مواقع اور امید کو فروغ دے رہے ہیں۔ جب بھی یہ لڑکیاں بائونڈری مارتی ہیں یا کیچ لیتی ہیں، وہ زیادہ بااختیار بنانے کی طرف قدم اٹھاتی ہیں،لڑکیوں نے آٹھ روزہ کوچنگ کلینک میں شرکت کی جس کا انعقاد پی سی بی کے فرسٹ کلاس کرکٹ کوچز نے کیا جس کی قیادت ہیڈ کوچ وسیم یوسفی، منیجر گیم ڈویلپمنٹ عائشہ جلیل اور پاکستان ویمن کرکٹ کی سربراہ تانیہ ملک نے کی۔

 نیل ہاکنزنے کہاکہ آسٹریلوی ہائی کمیشن پاکستان سپر لیگ کے دوران اس اقدام کی حمایت کرنے پر خوش ہے، جس میں آسٹریلوی کھلاڑی، بشمول آسٹریلوی خاتون کرکٹنگ اسٹار ٹیس فلنٹوف، حصہ لے رہی ہیں۔ یہ آسٹریلیا اور پاکستان دونوں میں کرکٹ کے شائقین کے لیے ایک پرجوش وقت ہے۔ کرکٹ کی مشترکہ محبت ان بہت سے بندھنوں میں سے ایک ہے جو ہمارے ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لاتے ہیں۔

 چیف ایگزیکٹو آفیسرسرینا ہوٹلز عزیز بولانی نے کہاکہ سرینا ہوٹلز کے لیے اس ٹورنامنٹ کا حصہ بننے کا یہ ساتواں سال ہے۔ پاکستان میں کرکٹ مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین میں بھی ایک جنون ہے۔ ہم سرینا ہوٹلز میں خواتین کے کھیلوں سمیت تمام کھیلوں کو فعال طور پر سپورٹ اور سپانسر کر رہے ہیں۔ ہم واقعی صنفی طورپر بااختیار بنانے پر یقین رکھتے ہیں، جس کا ادراک صرف اس صورت میں ہو سکتا ہے جب خواتین کو ان کی حقیقی صلاحیتوں کو تلاش کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔

ا ے ایچ سی پی سی بی گرلز کپ اسلام آباد میں چار سکولوں مشال ماڈل سکول بری امام، ایس اوایس چلڈرن ویلج H-11، اسلام آباد ماڈل سکول فار گرلز F-6/1 اور اسلام آباد ماڈل سکول فار گرلز I-9/1 اسلام آباد کی ٹیمیں شامل تھیں۔